نورین محمد سلیم
آپ واک کے فوائد تو جانتے ہی ہوں گے۔ یہ تقریبا ہر جگہ بتائے گئے ہیں مگر ہم اپ کو الٹے قدموں چلنے کے فوائد کے بارے میں بتاتے ہیں۔ ہوسکتا ہے یہ آپ کو نیا اور انوکھا لگے مگر یہ نئی نہیں بلکہ ایک صدی پہلے لوگ جسمانی اور دماغی فوائد کے لیے الٹا چلا کرتے تھے مگر جدید دور میں یہ چیز معدوم ہوتی چلی گئی۔
ماہرین متفق ہیں کہ الٹا چلنا بہت سے فوائد کا سبب ہوسکتا ہے۔ اسے ریٹرو واکنگ کہتے ہیں۔
کئی خواتین کی حالت بہتر ہوئی
الٹے قدموں چلنا 19ویں صدی میں بہت عام تھا۔ لوگ سینکڑوں یا ہزاروں میل الٹا چلا کرتے تھے۔ اس کی و جہ عموماً آپس میں شرط لگانا کہ کون کتنا زیادہ الٹا چل سکتا ہے۔ کچھ لوگ ریکارڈ بنانے کی خاطر بھی الٹا چلا کرتے تھے۔ سب سے اہم یہ کہ اس دور میں لوگوں کو الٹا چلنے کے فوائد کے بارے میں علم تھا۔
کاجو 10جان لیوا بیماریوں کے خلاف قوت مزاحمت، حیرت انگیز فوائد
کئی تحقیقی رپورٹس کے مطابق الٹے قدموں چلنے سے جسمانی اور ذہنی صحت پر بہت ہی شاندار نتائج مرتب ہوتے ہیں۔ صحت کی حالت تو بہتر ہوتی ہی ہے اس سے دماغی حالت بھی بہت بہتر ہوتی ہے جس سے یاداشت پر حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
الٹا چلنے کا آغاز قدیم چین میں ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ قدیم چین کے لوگوں کی ٹانگیں اور ٹخنے انتہائی مضبوط ہوا کرتے تھے۔
جدید دور میں اس پر کئی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ الٹا چلنے سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔
امریکہ کی ایک یونیوسٹی کی تحقیق کے مطابق کچھ عرصے تک روزانہ صرف 10 سے 15 منٹ تک الٹا چلنے سے صحت مند خواتین میں ہیمسٹرنگ پٹھوں کی لچک بہتر ہوئی۔ کمر کے نچلے حصے کا درد اچھا ہوا۔ پٹھے مضبوط ہوئے اور ان کو صحت مند زندگی گزارنے میں مدد ملی۔
عمر رسید، جوانوں اور موٹاپے کا شکار افراد
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایتھلیٹ جو کہ کمر کے درد میں مبتلا تھے انہیں چند روز الٹے قدموں پر چلایا گیا تو ان کے کمر درد میں کمی ہوئی۔
مختلف کھیلوں کی تربیت میں بھی الٹا چلنے کو ورزش کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ جس سے ان میں چاروں طرف حرکت کرنے کی صلاحیت میں بہت بہتری پیدا ہوئی ہے۔
یہ مشقیں گھٹنوں پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتی ہیں اور پٹھوں میں مضبوطی پیدا کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بڑی عمر کے افراد، سست نوجوانوں اور موٹاپے کا شکار نوجوانوں کے لیے بھی یہ ورزش بہت فائدہ مند ہے۔ الٹے قدموں چلنے میں زیادہ طاقت، تونائی اور توجہ لگتی ہے۔ جس سے ان کے جسم کے ہر حصے کو فائدہ ہوتا ہے۔
الٹا چلنے کے اتنے حیرت انگیز فوائد کیوں ہیں؟
ماہرین کہتے ہیں کہ الٹا چلنا سیدھے چلنے سے بہت مختلف ہے۔ اس میں گھٹنوں اور کولہوں پر حرکت کی رینج کم ہو جاتی ہے۔ سیدھا چلنے کے دوران ایڑی کااستعمال زیادہ ہوتا ہے جبکہ الٹے قدموں چلنے کا آغاز پنجوں سے ہوتا ہے اور اکثر ایڑی زمین کو چھوتی ہی نہیں۔ اس کی وجہ سے گھٹنوں پر کم اثر پڑتا ہے اور ایسا کرنے میں عام چال کی نسبت مختلف پٹھے استعمال ہوتے ہیں۔ اس مشق میں ٹخنوں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق الٹا چلنے کے دوران ذہن میں ہونے والی حرکت بھی مختلف ہوتی ہے۔ اس دوران دماغ کا وہ حصہ، جسے ’پری فرنٹل کارٹیکس‘ کہتے ہیں، کافی فعال ہوجاتا ہے۔ دماغ کا یہ حصہ فیصلہ سازی اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایک تحقیق کے دوران یہ دیکھنے کیلئے کہ کتنے لوگ کتنی جلدی کسی بات پر رد عمل کرتے ہوئے کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔ اس دوران کچھ کو الٹے قدموں، سیدھا، دائیں، بائیں چلایا گیا تھا۔ اس تحقیقاتی مشاہدے کے دوران دیکھا گیا کہ الٹا چلنے والوں نے سب سے پہلے اور اچھا رد عمل دیا جس کی وجہ یہ تھی کہ الٹا چلنے سے ان کے دماغ کا وہ حصہ جو فیصلہ سازی کرتا ہے پہلے ہی فعال تھا۔
نوٹ: الٹا چلنا بعض اوقات کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے اس لیے اس میں احتیاط کرنی چاہیے۔ پاکستان اسٹوریز کی جانب سے یہ تجاویز مفاد عامہ کے پیش نظر شائع کی گئی ہیں۔ کسی طبی مسئلے کے لیے اپنے طبی معالج سے رجوع کریں۔