اتوار, جون 22, 2025
ہومUncategorizedدریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا:...

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا: صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتے ہیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کی شدید مخالفت کے باوجود حکومت کا دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کا فیصلہ یکطرفہ ہے، اس تجویز کی بطور صدر میں حمایت نہیں کر سکتا، میں اس حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسے ترک کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کچھ یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں، حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے، وفاق کی اکائیوں کے درمیان اتفاق رائے کی بنیاد پر قابل عمل، پائیدار حل نکالا جا سکے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا ہمیں پاکستان کے بہترمستقبل کے لیے عزم کے ساتھ کام کرنا ہے، ہمیں ملک میں گڈ گورننس اورسیاسی استحکام کوفروغ دینا ہے اور اپنے جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیےمل کرکام کرنا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا ایک سال کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی، زرمبادلہ میں ریکارڈ اضافہ خوش آئند ہے، ملک کو معاشی ترقی کے مثبت راستے پر ڈالنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتا ہوں، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، اسٹاک مارکیٹ بھی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گئی، حکومت نے پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا، دیگر معاشی اشاریوں میں بھی بہتری آئی ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا آئیے قومی مفاد مقدم رکھیں اور ذاتی و سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں، آئیے اپنی معیشت بحال کرنے، جمہوریت مضبوط کرنے اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے مل کرکام کریں، ایسا پاکستان بنانے کی کوشش کریں جو منصفانہ، خوشحال اور ہمہ گیر ہو، آئیے اس پارلیمانی سال کا بہترین استعمال کریں۔

انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیتا ہوں کہ زراعت کے شعبے کو مستحکم بنائیں، زراعت ہماری معیشت کا ایک اہم ستون ہے، زرعی شعبے میں جدید طریقے، بہتر بیج کی تیاری کی ضرورت ہے، زرعی تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری اور زمین کو زیادہ پیداواری بنا کر روزگار کے مواقع پیدا کریں، ہمیں پانی کی زیادہ دستیابی اور اس کے مؤثر استعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ماہی گیری اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، پاکستان کے دریاؤں، جھیلوں اور ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کے مزید مواقع موجود ہیں، کمرشل سطح پرمویشی پالنے سے روزگار اور برآمدات کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کی قربان دی ہیں، ہم دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے، اپنی قوم اور بہادر مسلح افواج کے تعاون سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں کینالز کا مسئلہ اٹھانے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

‎وزیراعظم کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری اور وفد کے اعزاز افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق افطار ڈنر کے موقع پر تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بقیہ مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین