اتوار, جون 22, 2025
ہوماہم خبریںامریکا کا ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ، ہمارے جواب کا انتظار کریں...

امریکا کا ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ، ہمارے جواب کا انتظار کریں ، ایران

اسرائیل کے بعد امریکا نے بھی ایران کی 3 نیوکلیئر مقامات پر حملہ کر دیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کے فردو، نطنز اوراصفحان میں موجود جوہری تنصیبات پر حملہ کیا اور امریکی طیارے ایرانی فضائی حدود سے باہر آ چکے ہیں۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ٹرمپ نے بتایا کہ ہم نے ایران کی فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کر دی ہے۔

وائٹ ہاؤس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے، امن قائم نہ کرنے کی صورت میں مستقبل کے حملے بہت زیادہ شدید ہوں گے اور اب یا تو امن ہوگا یا پھر ایران کے لیے سانحہ ہوگا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران کےفردو جوہری سائٹ حملےمیں امریکی بی ٹو (B2) بمبار طیاروں 6 بنکر بسٹر بم استعمال کیے۔

امریکی میڈیاکے مطابق امریکا نے دیگر ایرانی جوہری سائٹس پر حملےمیں 30 ٹوماہاک میزائل استعمال کیے۔

حملے کے بعد ایک ایرانی عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کے فضائی حملوں میں فردو جوہری سائٹ کو نشانہ بنایاگیا اور اصفہان اور نطنز جوہری سائٹس کے قریب بھی حملے کیے گئے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکی حملے سے پہلے جوہری تنصیبات کو خالی کرایاگیاتھا اور نشانہ بنائےگئےسائٹس میں کوئی مواد نہیں تھا جو اخراج کا باعث بنے۔

ادھر ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا جرات مندانہ فیصلہ تاریخ بدل دے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن رائزنگ لائین میں اسرائیل نے حیرت انگیز کام کیا مگر ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف آج رات کی کارروائی کرکے امریکا نے وہ کر دکھایا جو دنیا کا کوئی اور ملک نہیں کر سکتا تھا۔

ایران کا ردعمل

امریکی حملوں پر ردعمل میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے بڑی ریڈلائن کراس کی ہے، ہمارے جواب کا انتظار کریں۔

استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اپنی جارحیت کے نتائج کا ذمہ دار ہے، اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق ایران جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، تہران اپنی سلامتی، مفادات اور لوگوں کے دفاع کے لیے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے، ایرانی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روس ایران کا دوست ہے، آج ہی وہ صدرپوٹن سےملاقات کے لیے روس جا رہے ہیں، وہ کل صدر پوٹن کے ساتھ سنجیدہ مشاورت کریں گے، ایران چین کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد پیش کرنےکی تیاری کر رہا تھا، اب صورت حال بدل چکی ہے اور ہمیں دیکھنا ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے۔

امریکی حملوں پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت ، سعودی عرب کا اظہار تشویش

ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد سعودی عرب کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں ہم لوگوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی حملے اسرائیلی حملوں کا تسلسل ہیں، خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش ہے، یہ حملے بین الاقوامی قانون کی تمام اقدار کی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ایران کے خلاف جاری جارحیت سے کشیدگی اور تشدد میں بدترین اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین