پیر, جون 23, 2025
ہومUncategorizedکراچی میں جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے غزہ یکجہتی مارچ،...

کراچی میں جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے غزہ یکجہتی مارچ، 22 اپریل کو ہڑتال کا اعلان

غزہ پر ایک سال سے زائد عرصے سے جاری صیہونی مظالم کے خلاف پاکستان کی دو بڑی مذہبی و سیاسی جماعتوں جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے شاہراہ فیصل پر غزہ مارچ منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

مارچ میں امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں 22 اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

غزہ مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹرکی دھجیاں اڑائی ہیں، اسرائیل آج بھی حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکمراں اسرائیلی مظالم کے خلاف آوازبلندکریں، غزہ میں بربریت سے مغرب کے رہنماوں کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، امریکا میں بھی 50 فیصد لوگ فلسطین کے حامی ہیں، دنیا کا بچہ بچہ اہل غزہ سے اظہار یکجتی کر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اسرائیل کی مذمت کریں۔

ان کیا کہنا تھاکہ لیاقت علی خان کو اسرائیل تسلیم کرنے کا کہا گیا لیکن لیاقت علی خان نے کہا ہماری بنیاد برائے فروخت نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے 22 اپریل کو ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قیادت سے اس کی توثیق حاصل کرلی ہے، دیگر ممالک کی تحریکوں سے بھی بات کریں گے اور اس ہڑتال کو گلوبل اسٹرائیک بنا دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی پارٹی کی ہڑتال نہیں ہے، یہ فلسطینیوں کیلئے آواز ہوگی ہم ایک دن اپنا کاروبار بند کریں گے، پورا ملک ہڑتال کرکے بتائے گا یکجہتی کس کو کہتے ہیں۔

دوسری جانب شاہراہِ قائدین پر مارچ سے خطاب میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسرائیلی وزیراعظم کو پاکستان سے خطرہ ہے، مسلم ممالک کے حکمران غلامی سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے اہل فلسطین کو حوصلہ دیا ہے، خون کے آخری قطرے تک فلسطینی عوام کے ساتھ رہیں گے، اسرائیل کے خلاف سیلاب بن کر کھڑا ہونا ہوگا، اسرائیل کوئی ملک نہیں بلکہ اس نے سرزمین فلسطین پر قبضہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ امریکا اور یورپ نےظالم کے حق میں اپنا مؤقف لیا ہوا ہے، آج کے اجتماع سے پیغام دیا ہے کہ مظلوم فلسطینی تنہا نہیں، غزہ کے 60 ہزار افراد کی شہادت بھی حکمرانوں کو نہیں جگا سکی، حکمرانوں کی پرواہ کیے بغیر امت مسلمہ کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ پروپیگنڈا کیاجاتا ہے کہ فلسطینیوں نے اپنی زمین یہودیوں کو فروخت کی، 1917 میں صرف 2 فیصد علاقے پر یہودی آباد تھے پھر کیسے کہاجاتا ہے کہ فلسطین نے اپنی زمین فروخت کی؟ 1948 میں صرف چھ فیصد حصے پر یہودی فلسطین میں رہتے تھے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ کوئی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہا ہے تو ذہن سے نکال دے، اسرائیل سے معاشی تعلقات قائم کرنا کسی کیلئے آسان نہیں ہوگا، عالمی عدالت انصاف فیصلہ دے چکی کہ اسرائیل جنگی مجرم ہے، اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہمیں سب سے بڑا خطرہ پاکستان سے ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے 27 اپریل کو لاہور میں فلسطین مارچ کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین