وزیر اعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپکس میں ریکارڈ بنا کر گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے جب کہ ان کے کوچ کیلئے ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے یوم آزادی کے پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے، آج ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے، پوری قوم کا مورال آسمانوں کو چھو رہا ہے۔
راج مستری کا بیٹا ارشد ندیم جس نے 40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس گولڈ میڈل جتوا دیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف نائن اور ایف 10 کے درمیان سڑک کا نام ہمیشہ کے لیے ’ارشد ندیم روڈ‘ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے جناح اسٹیڈیم میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے تقریب میں موجود سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین، شہباز سینئر اور دیگر کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے، آپ ہمیں راستہ بتائیں، سفارشات پیش کریں تاکہ ہم کھیلوں کی دنیا میں وہ دور واپس لائیں جب پاکستان کا طوطی بولتا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج 77 ویں یوم آزادی پر میں ایک ارب روپے کے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کررہا ہوں، یہ فنڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے، بہترین تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور ریٹائر ہونے والے کھلاڑیوں کی جائز ضروریات پوری کرنے کے بھی کام آئے گا۔
انہوں نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی اس عظیم کامیابی نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں بلکہ ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے، آپ کی بے مثال کامیابی سے پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے۔