ہفتہ, اکتوبر 11, 2025
ہوماہم خبریںپورے خاندان کے دریائے سوات میں بہہ جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر...

پورے خاندان کے دریائے سوات میں بہہ جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر سمیت متعدد افسران معطل

خیبرپختونخوا حکومت نے سیلابی ریلے کے باعث دریائے سوات ایک ہی خاندان کے 12 سے زائد افراد کے بہہ جانے اور 10 سے زائد سیاحوں کی اموات کے بعد غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر سوات کو معطل کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ترجمان کےمطابق غفلت کے مرتکب انتظامی افسران معطل کر دیے گئے ہیں،  واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 7 روز میں سفارشات مرتب کرے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا تھا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے تھے، جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں۔

افسوسناک واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے ڈپٹی کشمنر سے قبل 2 اسسٹنٹ کمشنرز، ایک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ضلعی ریسکیو انچارج کو بھی معطل کر دیا تھا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کے مطابق دریائے سوات میں ڈوبنے والے 10 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ لاپتا افراد کیلئے خوازہ خیلہ، کبل بائی پاس اور بریکوٹ میں اس وقت بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے بتایا کہ دریائے سوات کنارے تجاوزات کے خلاف میں آپریشن جاری ہے جس کی وزیراعلیٰ نگرانی کر رہے ہیں، دریائے سوات سمیت تمام سیاحتی مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ گرینڈ آپریشن میں تمام تجاوزات بلاامتیاز ختم کی جائیں گی، عوامی مطالبات پر تمام مائننگ کے ٹھیکے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ دریائے سوات کے کنارے ہونے والی تعمیرات اور لینڈ مافیا کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پیش آئے واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق سیالکوٹ اور مردان سے تعلق رکھنے والی 3 فیملیز دریائت سوات پر بجری کے ایک مصنوعی ٹیلے پر ناشتہ کر رہی تھیں کہ اچانک پانی کا تیز ریلا آگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اچانک دریا میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوئی اور وہ ٹیلہ چاروں طرف سے پانی میں گھِر گیا جس کی وجہ سے وہ لوگ دریا کے کنارے تک نہیں پہنچ سکے، سیلابی ریلا ایک ایک کرکے وہاں موجود تمام افراد کو بہا لے گیا۔

متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول ترین