فضائی آلودگی صرف فضا میں سانس لینے والوں ہی کے لیئے موت کا بڑا سبب نہیں ہے بلکہ یہ پیٹ کے اندر موجود بچوں کو بھی نقصاں پہنچاتی ہے۔ ایک
سال میں دس لاکھ بچے ماں کے پیٹ یا پیدائش کے فورا بعد فضائی آلودگی سے متاثر ہو کر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
پاکستان سٹوریز رپورٹ
دنیا کے 137ممالک میں کی جانے والی طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فضائی آلودگی صرف فضا میں سانس لینے والوں ہی کے لیئے موت کا پیغام نہیں لاتی بلکہ یہ ماں کے پیٹ میں موجود بچوں کی موت کا بھی ایک بڑا سبب ہے۔ یہ تحقیق پاکستان اور بھارت میں بھی کی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں سالانہ 10 لاکھ بچوں کی اموات ہوتی ہیں جو یا تو پیدائش سے قبل ماں کے پیٹ میں مر جاتے ہیں یا پھر پیدائش کے فوری بعد ان کی موت ہوجاتی ہے۔
عالمی طبی جریدے ’نیچر کمیونی کیشنز‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے 1998 سے 2016 تک پاکستان، بھارت اور نائیجیریا سمیت 137 ممالک کی فضائی آلودگی اور بچوں کی اموات پر تحقیق کی گئی۔ سائنسدانوں نے ایشیا، افریقہ او امریکا کے ایسے ممالک کو تحقیق کا حصہ بنایا، جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہے اور وہ ممالک غریب یا متوسط آمدنی والے تھے۔
سائنسدانوں نے غریب معاشروں اور غریب ممالک پر رپورٹ کی تیاری میں کئی برس صرف کیئے ہیں۔
دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی وجہ سے مرجانے والے 10 لاکھ بچوں میں سے نصف بچے زمین سے نکالے جانے والے ایندھن کی آلودگی سے پیدا ہونے والے خطرناک ذرات کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ فضائی آلودگی سے ہلاک ہونے والے نصف بچوں کے پھیپھڑوں، دماغ اور دوسرے عضووں میں انتہائی چھوٹے آلودہ ذرات چلے جانے کی وجہ سے ان کی اموات ہوتی ہیں۔
سائنسدانوں نے فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے تجاویز بھی دیں اور کہا کہ جن ممالک میں آلودگی زیادہ ہے، وہاں حاملہ خواتین گھروں سے نہ نکلیں اور گھروں میں بھی ہوا کو صاف کرنے والے ایئر فلٹرز لگائیں جائیں۔
اس سے قبل ہونے والی تحقیقات میں بھی فضائی آلودگی کو حاملہ خواتین میں پیچیدگیوں کا سبب قرار دیا جا چکا ہے، علاوہ ازیں آلودگی کو مرد و خواتین کے بانجھ پن کا ایک سبب بھی قرار دیا جا چکا ہے۔
ماضی میں ہونے والی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی تھیں کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے حاملہ خواتین کے پیٹ میں موجود بچوں کے اعضا میں پلاسٹک اور آلودگی کے ذرات جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہے اور ملک کے بڑے شہر کراچی، لاہور اور راولپنڈی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتے ہیں۔