بھارت کے خلاف معرکہ حق میں شاندر فتح پر آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا عہدہ تفویض کرنے کی منظوری کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا۔
فیلڈ مارشل کو تاریخی اعزاز سے نوازنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ غیر ملکی سفارت کار بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی خود مختاری اور سلامتی کے لیے فیلڈ مارشل کا کردار بہت اہم ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا، قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی۔
بھارت کیخلاف فتح پر آرمی چیف کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، ایئر فورس چیف کی مدت ملازمت میں توسیع
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے، ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی، بھرپور اور موثر جواب دیا کہ دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا، کشیدہ صورتحال کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کے لیے فیلڈ مارشل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز قابل فخر لمحہ ہے جس کی مجھے بہت دلی مسرت ہے۔
لوگ کہتے تھے فوج اپنا کام نہیں کرتی، ان سے پوچھیں فوج نے اپنا کام کیا یا نہیں؟ ترجمان پاک فوج
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی، ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کردی، پاکستان امن کا داعی ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے, وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس
قبل ازیں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردانہ حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے اُن کی مؤثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا اور آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کور کمانڈرز نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، خاص طور پر ’معرکہ حق‘ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا گیا۔