بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے جواب میں پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کل 16 مئی کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یوم تشکر کا آغاز مساجد میں قرآن پاک کی تلاوت اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا جب کہ وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارلحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں منعقد کی جائیں گی۔
بھارت کے خلاف پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص، تین ایئر بیسز اور جدید ترین ایس 400 دفاعی نظام تباہ
ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔
یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ تشکر پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور اتحاد کی فتح کی علامت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جمعہ کو اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر اُس کا شکر ادا کرے گی کہ اُس نے ہمیں دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی عطا فرمائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا اور جنگ میں بھارت کا غرور خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔
اس سے قبل وزیراعظم نے جنگ کے دوران اگلے مورچوں موجود بری فوج کے جوانوں سے بھی ملاقات کی تھی۔
کامرہ میں ایئر فورس کے جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی جانب سے عظیم اور شان دار فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی نے دشمن کے چودہ طبق روشن کر دیے، پاکستان کو اس سے پہلے ایسی شاندار فتح کبھی نصیب نہیں ہوئی، آپ نے اس شاندار فتح سے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کردیا۔
ٹرمپ کے پہلے دورے میں سعودی عرب اور قطر کے امریکا کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ شاہینوں نے دشمن کے پانچ نہیں 6 جہاز گرائے اور ڈرون بھی مارے، دشمن کئی گنا بڑا ہے اور حالیہ عرصے میں اس نے سیکڑوں ڈالر خرچ کرکے جدید ترین اسلحہ خریدا، اور دنیا کو بتایا کہ وہ تھانیدار ہے، مگر ہمارے شاہینوں نے 10 مئی کی شام کو اس تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا ، کوئی اب رہتی دنیا تک اس طرح کے غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں وہ تاریخ رقم کی ہے جسے قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے، جنگ میں دشمن کے تین رافیل گرائے اور یہ معرکہ ہمارے شاہینوں نے سر کیا، رافیل کو ہمارے شاہینوں نے جو نشانہ بنایا اسے مودی قیامت تک یاد رکھے گا اور دنیا یاد رکھے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وطن کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہماری مسلح افواج نے جان ہتھیلی پر رکھ کر یہ جنگ لڑی، اور اللہ تعالیٰ نے یہ عظیم کامیابی عطا فرمائی۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ہمارے اور دشمن کے درمیان فرق یہ تھا کہ ہم نے تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا، اور یہ فیصلہ کیا کہ دشمن نے ہماری امن کی پیشکش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا، اس کا دشمن کو سوچ سمجھ کر جواب دیں گے۔