کئی دن سے جاری غیریقینی صورتحال کے باوجود تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان تیسری مذاکراتی دور کامیابی سے منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی نے اپنے تحریری مطالبات حکومت کے حوالے کر دیے ہیں جن کا جواب دینے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے تحریری مطالبات اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پیش کیے، مطالبات کے مسودے پر عمرایوب ، علی امین گنڈاپور ، سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا سمیت 6 اراکین کمیٹی کے دستخط ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کیمرا اجلاس کے بعد اسپیکر ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے تحریری مطالبات وصول ہوگئے ہیں، حکومت 7 روز میں ان مطالبات کا باضابطہ جواب دے گی۔
پاکستان سٹوریز کے سوشل میڈیا پیجز کو فالو کریں تاکہ مستند معلومات آپ تک پہچنتی رہیں۔پاکستان اسٹوریز فیس بک پاکستان اسٹوریز ایکس پاکستان اسٹوریز لنکڈان پاکستان اسٹوریز یوٹیوب پاکستان اسٹوریز انسٹاگرام
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی پیشرفت کو سراہا گیا، نائب وزیر اعظم نے غزہ کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
کمیٹیوں نے سازگار ماحول فراہم کرنے پر ایاز صادق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس کی تاریخ کا اعلان اسپیکر فریقین سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج فریقین کے درمیان مذاکرات میں پی ٹی آئی کی جانب سے عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ، جب کہ حکومت کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثنا اللہ خان، راجہ پرویز، نوید قمر، فاروق ستار، عبدالعلیم خان نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ’آزادانہ ملاقات‘ کا موقع دیا جائے، اس مطالبے کی حکومتی ارکان نے بھی تائید کی۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب نے چارٹر آف ڈیمانڈ پڑھ کر سنایا، اس دوران طے پایا کہ حکومت 7 روز میں پی ٹی آئی کے مطالبات پر تحریری جواب دے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے تحریری طور پر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا ہے، حزب اختلاف نے بانی پی ٹی آئی سے ایک اور ملاقات کاا اہتمام کرنے کی درخواست کی، جس پر حکومت نے کہا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ جلد ملاقات ہو جائے۔
پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات
وفاقی حکومت چیف جسٹس یا سپریم کورٹ کے 3 ججز پر مشتمل دو کمیشن آف انکوائری تشکیل دے، کمیشن وفاقی حکومت کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت قائم کیا جائے، کمیشن کے ججز کی تعیناتی تحریک انصاف اور حکومت کی باہمی رضا مندی کے ساتھ 7 روز میں کی جائے۔
تحریری مطالبے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی سے متعلق گرفتاری کی انکوائری کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں رینجرز اور پولیس کے داخل ہونے کی انکوائری کی جائے، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد 9 مئی واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی تحقیقات کی جائے۔
پی ٹی آئی کے مطالبے میں کہا گیا ہے کہ کیا 9 مئی سے متعلق میڈیا پر سنسر شپ لگائی گئی اور صحافیوں کو ہراساں کیا گیا؟ کمیشن ملک بھر انٹرنیٹ شٹ ڈاون کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دوسرا کمیشن 24 سے 27 نومبر، 2024 کے واقعات کی تحقیقات کرے، کمیشن اسلام آباد میں مظاہرین پر فائرنگ اور طاقت کے استعمال کا حکم دینے والوں کی شناخت کرے، کمیشن شہداء اور زخمیوں کی تعداد پر اسپتالوں اور میڈیکل سہولیات کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جانچ کرے۔
پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ کمیشن مظاہرین کے خلاف طاقت کے زیادہ استعمال کے ذمہ داران کی شناخت کرے، کمیشن ایف آئی آرز کے اندراج میں درپیش مشکلات کی تحقیقات کرے، کمیشن میڈیا سنسر شپ کے واقعات کی تحقیقات کرے۔
تحریری مطالبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں تمام سیاسی قیدیوں کی ضمانت یا سزاوں کی معطلی کے احکامات جاری کریں، دونوں کمیشن کی کارروائی عوام اور میڈیا کے لیے کھلی ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کیلئے کمیٹی تشکیل
دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کا جواب دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں تمام اتحادی شامل ہیں، حکومتی کمیٹی مطالبات پر حتمی جواب دے گی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے 2 بنیادی مطالبات ہیں جن کا وہ پچھلے 10، 11 ماہ سے ذکر کرتے آرہے ہیں، ایک تو یہ کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے جس پر ہم انہیں کہتے ہیں کہ اس کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے، آج اس سے وہ دستبردار ہوگئے ہیں اور آج کی ملاقات میں انہوں نے الیکشن کے حوالے سے کوئی مطالبہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا دوسرا مطالبہ یہ تھا کہ تمام مقدمات سیاسی طور پر بنائے گئے ہیں جس پر ہم نے انہیں کہا تھا کہ آپ ہمیں ایف آئی آر کے نمبرز فراہم کریں کہ کن سیاسی ورکز کے خلاف ایسے مقدمات بنائے گئے ہیں لیکن انہوں نے اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج پیش کیے گئے تحریری مطالبات سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹ بولنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کرتے، پی ٹی آئی نے چارٹر آف ڈیمانڈ جھوٹ کے سوا اور کچھ نہیں ان مطالبات کا تو کوئی جواب نہیں بنتا، پی ٹی آئی نے مطالبات کے ساتھ کسی قسم کی تفصیلات اور ڈیٹا فراہم نہیں کیا لہذا اس پر 2017 کے ایکٹ کے تحت جوڈیشل کمیشن کا قیام کا جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروپیگنڈا ایک ماہ سے چل رہا ہے جو پہلے 20 سے شروع ہوا، پھر 278 اور 315 پھر سیکڑوں میں چلے گئے کہ ہمارے لوگوں کو ماردیا گیا، آج ان کو فہرست فراہم کرنی چاہیے تھی کہ ہمارے ان ان لوگوں کو جاں بحق یا لاپتا کیا گیا، کیا ان لوگوں کو اس عرصے میں یہ نہیں پتا چلا کہ ان کے کتنے لوگ جاں بحق، زخمی یا لاپتا ہوئے۔