نورین محمد سلیم
ہزارہ ڈویژن کے ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ مہانڈری کے مقام پر عارضی پل کو بحال کرنے کی تمام تر کوششیں سیلابی ریلوں نے ناکام بنا دیں جب کہ پل بنانے کے لیے لائے گئے پائپ اور تمام سامان بھی سیلاب برد ہوگیا۔
حکومت، انتظامیہ اور مقامی ذرائع کے مطابق مہانڈری پل کی بحال میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ سیلابی ریلے ہیں جو پل کی تعمیر اور بحالی میں رکاوٹ ہیں۔
دوسری جانب ناران سے بابو سر ٹاپ جانے والے راستے جل کھٹ کے مقام پر نالے میں طیغانی اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے ناران سے بابو سر ٹاپ کا راستہ بند ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ناران سے بابو سر ٹاپ جانے والا راستہ جمعرات کے روز اس وقت بند ہوگیا جب جل کھٹ کے مقام پر طغیانی کے سبب نالے میں پانی اونچا اور 2 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
سیاحوں کو نکالنے کیلئے منصوبہ بندی
انتظامیہ کے مطابق امید کی جارہی ہے کہ طغیانی کل صبح تک کم ہوجائے گی جس کے بعد ناران میں پھنسے سیاحوں کو قافلے کی شکل میں بابو سر ٹاپ کے راستے سے گزارا جائے گا کیونکہ فی الحال اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے جب کہ مزید بارشیں ہوئیں تو پھر مہانڈری والے پل کی بحالی اور تعمیر کام مزید تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔
آلودگی پر سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ, ہری پور میں سٹون کرشنگ بند، 900 پلانٹس کے جائزے کا حکم
ہوٹل ایسوسی ایشن ناران کے مطابق جمعرات تک اشیاء خور و نوش کی کوئی قلت نہیں ہوئی مگر بجلی کی بندش بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے، اندھیر ے میں کوئی بھی واقعہ ہوسکتا ہے جبکہ سیاحوں کو موبائل، لیپ ٹاپ چارج کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پیڑول و ڈیزل کی کھپت بڑھنے سے ایندھن کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔