ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہومپاکستانبنوں میں تمام شدت پسند اور دو فوجی اہلکار جان بحق، یرغمالی...

بنوں میں تمام شدت پسند اور دو فوجی اہلکار جان بحق، یرغمالی رہا کروا لیے گئے: خواجہ آصف کا دعوی

vپاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران بتایا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی دفتر میں اہلکاروں کو یرغمال بنانے والے تمام شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے لیکن اس دوران دو فوجی اہلکار جان بحق ہوچکے ہیں۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ابھی بنوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جو جلد ختم کر لیا جائے گا۔

 

بنوں سی ٹی ڈی کمپاونڈ کا منظر:تصویر بشکریہ ہدایت اللہ

پاکستان سٹوریز رپورٹ

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی دفتر میں اہلکاروں کو یرغمال بنانے والے تمام شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے لیکن اس دوران دو فوجی اہلکار جان بحق ہوچکے ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ابھی بنوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جو جلد ختم کر لیا جائے گا۔

خواجہ آصف کے مطابق ’بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں 33 دہشتگرد تھے، ان میں سے ایک نے باتھ روم جاتے وقت وہاں ایک اہلکار کے سر پر اینٹ مار کر باقی لوگوں کو بھی یرغمال بنا لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’واقعہ کے مطابق آج ساڑھے 12 بجے سی ٹی ڈی نے آپریشن شروع کیا۔ تمام دہشتگرد اس آپریشن میں ہلاک کر دیے گئے ہیں اور آج ڈھائی بجے سی ٹی ڈی کا کمپاؤنڈ کلیئر کر دیا گیا ہے۔‘

خواجہ آصف کے مطابق اس دوران دو فوجی اہلکار جان بحق جبکہ ایک افسر سمیت 10 سے 15 جوان زخمی ہوئے ہیں جبکہ سارے کے سارے افراد جنھیں یرغمال بنایا گیا تھا انھیں رہا کروا لیا گیا ہے۔ تاہم خواجہ آصف کی جانب سے یرغمالیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔

 

بنوں میں روڈ سنساں ہیں تصویر بشکریہ ہدایت اللہ

واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی میں انسداد دہشت گردی کے دفتر میں شدت پسندوں نے دو درجن کے لگ بھگ افراد کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے عمارت کا محاصرہ کرتے ہوئے مقامی سطح پر مختلف وفود کے ذریعے عسکریت پسندوں کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ ہتھیار پھینک کر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کر دیں۔

انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جا رہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ کوئی نقصان نہ ہو اور صورتحال پر قابو پا لیا جائے۔

اسی طرح امریکہ نے کہا ہے کہ وہ بنوں میں جاری صورتحال سے واقف ہے اور اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اپنی پریس بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ وہ ذمہ داروں سے یرغمالیوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت افغانستان میں اور پاک افغان سرحد کے ساتھ موجود دہشتگردوں سمیت ایسے ’مشترکہ چیلنج‘ میں امریکہ کی شراکت دار ہے۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ نے اس چیلنج سے نمٹنے میں پاکستانی حکومت کی مدد کی ہے اور وہ اس موجودہ صورتحال یا وسیع تر صورتحال سے نمٹنے میں مدد کے لیے بھی تیار ہیں تاہم اُنھوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستانی حکومت سے استفسار کیا جانا چاہیے۔

بنوں سے پاکستان سٹوریز کے نمائندے کے ماطابق منگل کے روز بنوں میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ کینٹ کے داخلی اور خارجی راستے تیسرے روز بھی سیل رہے۔ احکام نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بنوں اور اس کے ذیلی اداروں میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر بنوں نے گذشتہ روز ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بنوں کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ کل رات سے بیشتر علاقوں میں بجلی نہیں تھی اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

بنوں چھاؤنی کے رہائشی جو اتوار کے روز گھروں سے باہر شہر کی جانب آئے تھے وہ اب تک اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکے، انھوں نے دوسری رات بھی اپنے گھروں سے باہر گزاری ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بنوں میرانشاہ روڈ بھی بند ہے جبکہ علاقے میں خوف پایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین