محمد نوید خان
دنیا بھر کے ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ پاکستانی روزگار کے مواقع سعودی عرب میں حاصل کرتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستانی ہنر مندوں کی سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہیں۔ کچھ عرصہ قبل تک تو پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں ویزے حاصل کرنا دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی آسان تھا مگر اب وہاں کی حکومت نے ویزوں پر کچھ پابندیاں اور شرائط بھی عائد کی ہیں جبکہ فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز سعودی عرب میں کام یا سیاحتی ویزہ حاصل کرنا چاہتا ہے تو یہ تحریر آپ کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
نئی ویزہ پابندیاں کیا ہیں؟
سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہری اب سعودی عرب کی حدود یا ایئر پورٹس پر پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ انھیں سعودی عرب کا سفر کرنے سے پہلے سفارت خانے یا قونصل خانے پیشگی ویزا درخواست دینا ہوگی۔
نئی ویزا پابندیوں کے تحت، پاکستانی شہریوں کو ویزا کی درخواست کے لیے درج ذیل دستاویزات پیش کرنا ہوں گے :
درست پاسپورٹ جس کی مدت تنسیخ کم از کم 6 ماہ ہو
ویزا درخواست کی مکمل تفصیل ، یعنی کس مقصد کے لیے ویزہ درکار ہے
2 پاسپورٹ سائز کی تصاویر
ویزا فیس کی ادائیگی کا ثبوت
ویزہ کے لیے درخواست کیسے دے سکتے ہیں؟
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی درخواست کا عمل کچھ یوں ہے:
پاکستانی شہریوں کو سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے کی ویب سائٹ پر ویزا کی درخواست ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔
پاکستانی شہریوں کو درخواست تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے میں جمع کروانا ہوگا۔
سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے کے عملے کی جانب سے درخواست کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
درخواست قبول ہونے کی صورت میں ویزا جاری کیا جائے گا۔
نئی ویزا پابندیوں کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنا مشکل ہو سکتا ہے تاہم سعودی حکومت کے مطابق یہ پابندیاں مملکت کی سلامتی اور عوامی مفاد کے پیش نظر ضروری ہیں۔
پاکستانی شہریوں کے لیے نیا سیاحتی ویزا
سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک نیا سیاحتی ویزا متعارف کروایا ہے۔ یہ ویزا پاکستانی شہریوں کو 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کی اجازت دے گا۔
سیاحتی ویزا کی درخواست کے لیے درج ذیل دستاویزات کی ضرورت ہوگی
درست پاسپورٹ جس کی مدت تنسیخ کم از کم 6 ماہ ہو
ویزا درخواست کی مکمل تفصیل ، یعنی کس مقصد کے لیے ویزہ درکار ہے
دو پاسپورٹ سائز کی تصاویر
ویزا فیس کی ادائیگی کا ثبوت
پاکستانی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزا کی درخواست کا عمل
سیاحتی ویزا کی درخواست کا طریقہ کار درج ذیل ہے
پاکستانی شہریوں کو سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے کی ویب سائٹ پر سیاحتی ویزا کی درخواست ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔
فیسوں میں اضافہ
سعودی عرب میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی مزدوروں کی حفاظت کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے ایک نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ملازمین سے جو اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے ملازمت حاصل کرتے ہیں، حفاظتی فیس کے طور پر 22,200 روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پروسیسنگ فیس کے طور پر 6,000 روپے بھی وصول کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب وہ ملازمین جنہوں نے براہ راست ملازمت کا انتظام کیا ہے ان سے کم فیس وصول کی جاتی ہے، جو 9,200 روپے ہے۔ یہ فیس رجسٹریشن اور انشورنس پریمیئم جیسی ضروری شراکتوں کو کور کرتی ہے۔
یہ حفاظتی نظام ملازمین کو قانونی امداد تک رسائی فراہم کرتا ہے، جو کمیونٹی ویلفیئر اٹیچیز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ملازمینکو 10 لاکھ روپے تک کی لائف انشورنس بھی فراہم کی جاتی ہے۔
حالیہ برسوں میں سعودی عرب نے ملازمین کے لیے سیزن یا قلیل مدتی ورک ویزا کا نظام متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے وہ 180 دن تک وہاں قیام کر سکتے ہیں۔ یہ نئی تدابیر ملازمت کے عمل کو آسان بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں جو لاکھوں مزدوروں اور زائرین کے لیے فائدہ مند ہوں گی۔
غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ویزا کی غیر مجاز فروخت پر سخت سزائیں عائد کی گئی ہیں جن میں 50,000 ریال تک کا جرمانہ اور حج و عمرہ کی خدمات کے لیے 5 سال کی مدت کے لیے بلیک لسٹ میں ڈالنا شامل ہے۔
سعودی وزارت برائے انسانی وسائل نے لیبر ویزا کے عارضی ضوابط بھی جاری کیے ہیں جو نجی شعبے کے کاروبار کو اپنے ملازمین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زیادہ آسانی فراہم کرتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں سعودی عرب کی جانب سے لیبر مارکیٹ کو بہتر بنانے اور ملازمین کی حفاظت میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
سعودی عرب کے ویزا کے لیے مزید معلومات سعودی عرب کی اس ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔