پاکستان تحریک انصاف کی کال پر آج ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران پولیس نے پی ٹی آئی کے کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
تحریک انصاف نے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف اور عمران خان کی رہائی کیلئے گزشتہ روز جمعے کو احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے آج تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے کراچی، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا جہاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
کراچی کے علاقے صدر میں ریگل چوک اور ایمپریس مارکیٹ پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
لاہور میں دوسرے روز بھی احتجاج، کالج طالبہ نے بیان میں ریپ کی تردید کر دی
پولیس کے مطابق شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت جلسے اور جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ احتجاج کے باعث پولیس نے گورنر ہاؤس اور اطراف کی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کے احکامات ہیں۔
دوسری طرف لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کے باعث جی پی او چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، پولیس کی جانب سے احتجاج کے لیے آنے والی 2 خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ادھر پشاور پریس کلب میں اراکین اسمبلی سمیت صوبائی وزرا کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں نے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بھی لگا رہے ہیں۔
راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر بھی پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا، پولیس نے کمیٹی چوک کے قریب احتجاج کرنے والے 4 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا، زیر حراست پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ وارث خان منتقل کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنان کا فیصل آباد کے سلیمی چوک پر احتجاج جاری ہے، کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی جاری ہے، پولیس نے احتجاج کے لیے جمع ہونے والے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔
ساہیوال میں احتجاج کے لیے جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکنان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والوں میں ضلعی صدر رانا آفتاب، رانا عامر شہزاد، رضوان مظفر، نوید اسلم سمیت دیگر شامل ہیں۔
دوسری طرف صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے 25 کارکنان کو گرفتار کرلیا، گرفتار کارکن احتجاج میں شرکت کے لیے جارہے تھے، کارکنان کو تھانہ صدر، تھانہ اے ڈویژن اور تھانہ بی ڈویژن منتقل کردیا۔