فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیلی حملے میں اپنے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت کی بھی تصدیق کردی ہے۔
حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے تصدیق کی ہے کہ یحییٰ سنوار اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار شہید کر دیا ہے ، اس دعوے کے بعد آج ایک ڈرون ویڈیو بھی نشر کی گئی جس میں ایک حماس جنگجو تباہ شدہ عمارت میں زخمی حالت میں موجود ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی ڈرون جنگجو کے قریب جاتا ہے وہ شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنے ہاتھ میں موجود چھڑی ڈرون پر پھنکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون فوٹیج میں موجود جنگجو دراصل یحییٰ السنوار ہی تھے جنہیں بعد ازاں عمارت پر میزئیل حملہ کر کے شہید کر دیا گیا۔
خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمتی تحریک مزید زور پکڑے گی، یحییٰ السنوار کی شہادت غاصب اسرائیل کے لیے تباہی کا پیغام ثابت ہوگی۔
نائب سربراہ حماس کا مزید کہنا تھا کہ یحییٰ سنوار شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے، وہ اپنی آخری سانس تک قابض فوج کے سامنے ڈٹے رہے اور دشمن سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، یحییٰ السنوار ہمارے عظیم شہدا اور قائدین کے قافلے کا تسلسل تھے جنہوں نے اپنی زندگی قوم کے لیے قربان کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ یحییٰ سنوار نے جیل کی قید میں بھی دشمن کو شکست دی اور رہائی کے بعد اپنی جدوجہد جاری رکھی یہاں تک کہ انہیں شہادت کا اعلیٰ مقام نصیب ہوا۔