قلندر تنولی
‘اس ایم ڈی کیٹ نے تو جان کھا لی ہے۔ میری بیٹی نے 24 گھنٹوں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے پڑھتی رہی تھی۔ پرچہ ہی غلط بنایا تھا جس کے بعد بیٹی نے نہ کھانا کھایا اور نہ ہی نیند پوری کر رہی ہے۔ پتا نہیں یہ یونیورسٹی والے بچوں کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں’
یہ کہنا ہے کہ مجتبیٰ حسن کا جن کی بیٹی نے اس سال ایف ایس سی میں اے پلس گریڈ لینے کے بعد ڈاکٹر بننے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دیا ہے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حتمی نتائج 72 گھنٹوں میں جاری کرنے کا اعلان
مجتبیٰ حسن کہتے ہیں کہ امتحان کے بعد جب میری بیٹی باہر آئی تو وہ رو رہی تھی اس کی آنکھیں سرخ تھیں اور مجھے کہہ رہی تھی کہ ڈیڈ مجھے نہیں پتا کہ یہ پرچہ کون سے سلیبس سے لیا گیا ہے اور یہ کس طرح کے سوالات ہیں۔
سندھ میں طلباء نے دعوی کیا ہے کہ سوالات پہلے ہی لیک ہوگئے تھے۔ طلباء کے مطابق امتحان کی رات یہ پرچہ سوشل میڈیا اور مختلف واٹس ایپ گروپس میں دستیاب تھا تاہم ڈاو میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی نے یہ دعوی سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا وہ ایم ڈی کیٹ کے پرچے سے مختلف تھا۔
زوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے ایک نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا ہے کہ متعلقہ مضامین کے ماہرین سے سوالات کے جائزے کے بعد تمام طلباء و طالبات کو 6 نمبر اضافی دیئے گے ہیں۔
اضافی نمبر کیوں دیئے گئے؟
زوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انھوں نے کم از کم 30 سوالا ت کا جائزہ لیا ہے جو مختلف پرچوں سے تھے۔ واضح رہے کہ ایک ہی امتحان کے دوران طلباء کو مختلف پرچے دیئے جاتے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ امتحان: بلوچستان میں نقل کرتے 58 طلبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے
یونیورسٹی کا دعویٰ ہے کہ اس میں 18 سوالات درست پائے گئے جب کہ 6 سوالات میں 2 مختلف مسائل کی وجہ سے تمام طلباء کو 6 نمبر اضافی دیئے جاتے ہیں۔
یونیورسٹی کے مطابق 5 سوالات ایسے ہیں جو زیادہ مشکل تھے۔ ایک سوال کے ممکنہ طور پر دو جواب ہو سکتے تھے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے اپنے ایک نوٹیکفیشن میں دو سوالات ختم کرتے ہوئے تمام طالب علموں کو دو نمبر دینے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ صرف یہ بیان کی گئی ہے کہ متعلقہ مضامین کے ماہرین سے شکایات ملنے کے بعد جائزہ لینے کا کہا گیا تو انھوں نے اس کی سفارش کی تھی۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے پہلے ہی اپنے ایک سوال پر تمام طالب علموں کو اضافی نمبر جاری کر دیا تھا جبکہ ایک سوال کے دو جوابات کو درست تسلیم کیا گیا تھا۔
ایم ڈی کیٹ 2024: عدالت نے اسلام آباد میں ٹیسٹ کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا
خیبر پختونخواہ میں گزشتہ کچھ سالوں سے ایم ڈی کیٹ پر کافی سوالات اٹھتے رہے مگر اس سال طلباء ، والدین اور اساتذہ کی جانب سے زیادہ شکایات سامنے نہیں آئیں تاہم اسلام آباد اور سندھ میں طلباء احتجاج بھی کر رہے ہیں اور عدالتوں سے بھی رجوع کر رہے ہیں۔