ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہومپاکستانخیبر میڈیکل یونیورسٹی کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حتمی نتائج 72...

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حتمی نتائج 72 گھنٹوں میں جاری کرنے کا اعلان

خیبر پختونخوا کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا کامیاب انعقاد صوبے کے 7 شہروں کے 13 سینٹرز میں کیا گیا جس میں 42329 امیدوار شریک ہوئے۔

یہ ٹیسٹ پشاور، ایبٹ آباد، کوہاٹ، چکدرہ،مردان، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوا۔اس ٹیسٹ میں 23339طلباء اور 18990طالبات جبکہ مجموعی طور پر 42329 طلباء شریک ہوئے۔

یونیورسٹی کے تحت کل رجسٹرڈ 42,329 امیدواروں میں سے 41,671 طلبہ و طالبات ٹیسٹ میں حاضر ہوئے جب کہ 658 (1.55%) امیدوار غیر حاضر رہے۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق میڈیکل ٹیسٹ کے موقع پر سیکیورٹی کے جامع اقدامات کیے گئے جن میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹر، موبائل جیمرز شامل تھے، امتحانی مراکز کے انٹری گیٹس پر امیدواروں کی جامہ تلاشی لی گئی، اس دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مضامین کے 12 ماہرین کی جانب سے توثیق کے بعد ٹیسٹ کے تین گھنٹے میں ہی امتحانی پیپر کے جوابات خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے تاکہ طلباء فراہم کردہ جوابی کاربن کاپی سے اپنے نتائج کا خود اندازہ لگا سکیں.

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں ایک طالبعلم نے سب سے زیادہ سکور 194 نمبر حاصل کیے جب کہ امیدواروں کا اوسط سکور 112.17 رہا۔ 190 سے زائد نمبر حاصل کرنے والے 38 میں سے 16 امیدوار سرکاری کالجز کے طلبہ تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں دو طلبہ قائد اعظم انٹرنیشنل ماڈل کالج لاہور، صوابی کے طالبعلم محمد مدثر اور جناح جامی پبلک اسکول کالج ہری پور کی طالبہ فاطمہ زہرہ علی نے سب سے زیادہ 194 نمبرز حاصل کیے۔

علاوہ ازیں دوسرے نمبر پر بھی دو طلبہ نے یکساں 193 نمبر حاصل کیے جن میں قائدعظم کالج مردان کے طالبعلم محمد ہزیل اور گورنمنٹ ڈگری کالج ڈی آئی خان کے وحید اللہ شامل ہیں۔

آرمی پبلک اسکول اور کالج پشاور، جناح کالج فار ویمن پشاور اور گورنمنٹ کالج پشاور کے محمد حمزہ علی ، کنول اختر اور کاشان وحید سمیت 8 طلبہ نے 192 نمبرز حاصل کیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہرین کی جانب سے ٹیسٹ کے دو سوالات پر خدشات کا اظہار کیا گیا جس پر تمام طلبہ کو متعلق سوال پر ایک نمبر اضافی جب کہ دوسرے سوال کے دونوں A اور B آپشنز کو درست شمار کیا گیا۔

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حتمی نتائج کا اعلان 72 گھنٹوں کے اندر کیا جائے گا ، طلبہ اپنے نتائج خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائیٹ پر دیکھ سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین