پاکستان سٹوریز
حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ کی تدفین قطر میں کردی گئی ہے، اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد مشرقی وسطی میں انتہائی کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے، ان کی شہادت کے بعد ایران نے کہا ہے کہ وہ اسماعیل ہنیہ کی موت کا بدلہ لے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علیہ خامنہ ای نے اسرائیل کو سخت سبق سکھانے کا اعلان کیا تھا جبکہ ایسا ہی دعویٰ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے بھی کیا ہے۔
پاکستان میں یوم سوگ، اسمٰعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ میں وزیراعظم کی شرکت
دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکم جاری کیا ہے کہ ایران براہ راست اسرائیل پر حملہ کرے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیو یارک ٹائمز کو کمانڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے حکم نامے کے بارے میں 3 ایرانی افسران نے بتایا ہے، سپریم لیڈر نے یہ حکم ایران کی نیشنل سیکورٹی کونسل کی ہنگامی میٹنگ میں دیا۔
نیو یارک ٹائمز نے یہ نہیں بتایا کہ حملہ کب اور کیسے کیا جائے گا تاہم اس وقت مشرق وسطیٰ میں شدید ترین کشیدگی دیکھی جارہی ہے۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حفاظت کے پیش نظر وہ مشرقی وسطیٰ میں اضافی طیارے اور بحری جہاز روانہ کرے گا جب کہ میزائل ڈیفنس فورسز بھی اسرائیل کا دفاع کریں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اضافی تعیناتیاں اسرائیل کے دفاع کو بہتر بنائیں گی جب کہ ایسے جہاز تعینات کیے جا رہے ہیں جو بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کی ترجمان سبرینا سنگھ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نہیں سمجھتا کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ ناگزیر ہے۔