کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں جگہ جگہ مجالس، جلوسوں اور سبیل کا اہتمام کیا گیا ہے جب کہ ہزاروں سیکیورٹی اہلکار جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں، جلوس کے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے جب کہ سوشل میڈیا ایپ فیس بک کو بھی ناقابل رسائی بنا دیا گیا ہے۔
ادھر پنجاب حکومت نے لاہور اور دیگر شہروں میں موبائل فون سروس مکمل بند کرنے کے بجائے صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ میں آج صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔ گزشتہ روز بھی کچھ شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کو جزوی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
ملک بھر میں عاشور کے مرکزی جلوسوں کی تفصیلات
اسلام آباد
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا جب کہ راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستے سے ہوتا ہوا مرکزی جلوسِ عاشورہ امام بارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
ثانیہ زہرہ کی موت گلا گھوٹنے سے ہوئی، تشدد کے نشان نہیں ملے,ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ
کراچی
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستے پر رواں دواں ہے، جلوس ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔
اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے اور شہر میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، اسلحے کی نمائش ، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
لاہور
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
پشاور
پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے ہیں جہاں پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سےبرآمد ہوا، جلوس کی گزرگاہوں کو کلئیر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکارموجود ہیں جب کہ جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے۔
کوئٹہ
کوئٹہ شہر میں عاشورہ کے جلوس کےموقع پر موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل امام بارگاہ ہزارہ ناصرآباد پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔