پیر, جون 23, 2025
ہوماہم خبریںبنگلہ دیش کے نئے کرنسی نوٹوں سے بانی شیخ مجیب کی تصاویر...

بنگلہ دیش کے نئے کرنسی نوٹوں سے بانی شیخ مجیب کی تصاویر ہٹا دی گئیں

بنگلہ دیش میں عامی بغاوت کے نتیجے میں حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کے بعد نئے کرنسی نوٹوں سے ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔

کبھی پاکستان کا حصہ رہنے والے بنگلہ دیش میں علیحدگی کے بڑے کردار شیخ مجیب سے منسوب اشیا اور علامات کو ایک ایک کرکے ختم کیا جا رہا ہے۔

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نئی سیریز اور ڈیزائن کے نوٹ جاری کیے ہیں جن میں ماضی کی طرح شیخ مجیب کی تصویر کے بجائے ملک کے قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

مرکزی بینک نے ابتدائی طور پر 20 اور 50 اور 1000 ٹکہ مالیت کے نوٹ جاری کیے ہیں اور ان میں سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر موجود نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش جو نئے نوٹ شائع کر رہا ہے ان میں حالیہ انقلاب کی خصوصیات اور علامات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حسینہ واجد کے فرار کے بعد بنگلادیش کی عبوری حکومت نے کرنسی نوٹوں میں تبدیلی کی ہدایات جاری کی تھیں۔

اس سے قبل عبوری حکومت شیخ مجیب کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کو بھی ختم کر چکی ہے۔ دفاتر سے شیخ مجیب کی تصاویر ہٹانے کے ساتھ بنگلہ دیشی نصاب سے شیخ مجیب کو دیا گیا ملک کے بانی کا درجہ بھی ختم کیا جا چکا ہے جبکہ شیخ مجیب الرحمان کے دیے گئے جوئے بنگلہ کے نعرے کا بطور قومی نعرہ درجہ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

عبوری حکومت کی جانب سے عوامی لیگ پر پابندی لگائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے اس کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی تھی جس کے بعد اب وہ بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات لڑنے کی اہل نہیں ہے۔

جب کہ انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے آج ہی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف جولائی میں ہونے والی عوامی بغاوت کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے حوالے سے کیس میں فرد جرم عائد کی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین