پیرس اولمپکس میں 92.97 کی ریکارڈ تھرو پھینک کرپاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی 52 سال بعد پہلی بار پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت لیا۔
جنوبی کوریا کے شہر گومی میں ہونے والی چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جبکہ دوسری کوشش میں ارشد ندیم کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں پھینکی گئی تھررو 85.57 میٹر تھی۔
ارشد ندیم نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی، آخری کوشش میں 86.40 میٹر کی شاندار تھرو کر کے ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر آ گئے اور ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
فائنل میں بیٹے کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ وہ ارشد کی کامیابی پر اللہ کی شکر گزار ہیں، بیٹے نے پاکستان کا نام روشن کیا جس پربہت خوشی ہے، بھرپوراستقبال کریں گے۔
پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973 میں گولڈ میڈل جیتے تھے، 1973 میں پاکستان نے فلپائن میں ہونے والے مقابلوں میں جیولن تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ میڈل جیتے تھے، 800 میٹر کا گولڈ میڈل محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے اپنے نام کیا تھا۔
فائنل میں بھارت کے سچن یادو نے 85.16 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ جاپان کے یوٹا ساکی یاما نے 83.75 میٹر تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
چند ابتدائی تھرو میں سبقت حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیرجے 83.27 میٹر تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے، اور پوڈیم سے باہر ہو گئے۔
اولمپکس گیمز کی 118 سالہ تاریخ میں جیولن تھرو فائنل میں پھینکی جانے والی طویل ترین تھرو 92.97 کے ذریعے ناقابل یقین ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا 86.72 میٹر کا ریکارڈ توڑنے سے صرف چند انچز کے فاصلے سے رہ گئے۔
پاکستان کے یاسر سلطان نے 75.39 میٹر تھرو کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ بھارت کے یش ویر سنگھ ذاتی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 82.57 میٹر تھرو کے ساتھ ان سے آگے پانچویں نمبر پر رہے۔
چین کے ہو ہاورن نے سیزن کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 80.93 میٹر تھرو کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی، جب کہ سری لنکا کے سومیڈھا جاگت رانا سنگھے مدیانسیلاگے نے 79.81 میٹر تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی۔
2022ء کے دولت مشترکہ کھیلوں میں ارشد ندیم نے 90.18 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایک نیا قومی اور دولت مشترکہ کھیل کا ریکارڈ بنایا اور 90 میٹر کے نشان کا تھرو کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے تھے۔