بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے اعلان کر دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کا دن ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا، جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی جب کہ ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی
اس دوران، پاک فوج کے سربراہ فرداً فرداً ہر زخمی اہل کار سے ملے، ان کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر فرد کے ساتھ پر عزم یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق / آپریشن بنیان مرصوص کے دوران متحد اور پر عزم ردعمل سامنے آیا، یہ رد عمل عوام کی ثابت قدمی، حمایت کے ساتھ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کی کوئی بھی جارحیت پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا