پیر, جون 23, 2025
ہوماہم خبریںخون کے آخری قطرے تک لڑنے کیلئے تیار ہیں، بھارت کو خمیازہ...

خون کے آخری قطرے تک لڑنے کیلئے تیار ہیں، بھارت کو خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے حملہ کر کے فاش غلطی کی، اب اسے خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملہ کرکے بھارتی سمجھے تھے ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ یہ بہادروں کی قوم ہے جو اپنے فولادی عزم سے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن نے چند گھنٹے میں گھٹنے ٹیک دیے ، اللہ کے فضل م سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے، جو ان کا غرور تھے، اب صرف راکھ کا ڈھیر اور نشان عبرت بن چکے ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں کہ وقت کا مرہم بھی انہیں کبھی نہیں بھر سکے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں نے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت کے بلند رتبے پر ایسے ہی فائز ہونے والے ہمارے دوسرے عظیم پاکستانیوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، اور پورا پاکستان ان شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، لیکن کل رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عزت، سالمیت اور دفاع کے لیے فوج اور عوام یک جان 2 قالب ہیں، 24 کروڑ پاکستانی نتائج سے بے پرواہ ہو کر اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے اور باطل کو شکست فاش دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ایک گھنٹے جاری رہنے والی فضائی جنگ میں پاکستانی پائلٹس نے اعلیٰ ترین اور پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بے مثال شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیے، معرکے میں پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی اپنی برتری دشمن پر ایک مرتبہ پھر ثابت کر دی۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین