نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان رابطے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحق ڈار سے اس بارے میں سوال کیا گیا کہ آیا رات بھر کی کارروائیوں کے بعد نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کا ایک دوسرے سے رابطہ ہوا ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ، جی، دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
پاکستان نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ہیں جبکہ ان کے ہم منصب اجیت دوول ہیں۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کو مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے، پاکستان کے خلاف بھارت نے جو کیا وہ ناقابل معافی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ شب پاکستان کے مختلف مقامات کو لانگ رینج میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے 3رافیل سمیت 5انڈین جنگی جہاز تباہی کر دیئے تھے ۔