پیر, جون 23, 2025
ہوماہم خبریںسندھ طاس معاہدہ معطل, بھارت کیخلاف اقدامات کیلئے پاکستان کی قومی سلامتی...

سندھ طاس معاہدہ معطل, بھارت کیخلاف اقدامات کیلئے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

مقبوضہ کشمیر میں حملے کے نتیجے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے نہ صرف پاکستان کے ساتھ 60سال قبل کیا گیا سندھ طاس معاہدہ معطل اور بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا ہے بلکہ تمام پاکستانیوں کو بھی 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

پہلگام واقعے پر یکطرفہ بھارتی اقدامات کے جواب میں پاکستان میں بھی فوری طور پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس صبح وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں اعلیٰ ترین عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔

گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بھارت نے پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر حملے میں 26 سیاح ہلاک، نریندر مودی سعودی عرب کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس روانہ

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے کینسل کیے جارہے ہیں۔ بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن میں تمام دفاعی، فوجی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا جبکہ بھارتی دفاعی اتاشی کو پاکستان سے واپس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ محدود کر دیا جائے گا، بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ یکم مئی تک 55 سے کم کر کے 30 کردیا جائے گا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی سارک ویزہ استثنیٰ پروگرام کے تحت بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے، سارک اسکیم کے تحت جو بھی ویزے جاری کیے گئے وہ منسوخ سمجھے جائیں گے، سارک اسکیم کے تحت بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں واپس جانا ہوگا۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، انڈیا نے جس طرح سندھ طاس معاہدے معطل کیا یہ معاہدے کی رو سے ناممکن ہے، معاہدے میں صرف پاکستان اور بھارت نہیں دیگر فریق بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارتی پائلٹ ابھینندن کے طیارے کو تباہ کر کے جواب دیا گیا تھا اس بار بھی ویسے ہی 100 فیصد جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں، پاکستان ائیر فورس نے ابھینندن کے وقت جو جواب دیا تھا وہ تاریخ کا حصہ ہے، بھارت بہت عرصے سے سندھ طاس معاہدے سے نکلنا چاہ رہا ہے، اس سے ان کا چہرہ کھل کر سامنے آ رہا ہے۔

ادھر وزارت خارجہ کی جانب سے جوابی اقدامات کے حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید نچلی سطح پر لایا جائے گا جبکہ بھارتی دفاعی، ائیر اور نیول اتاشیوں اور معاون عملے کو واپس بھیجے جانے کا امکان ہے، علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو بھی واپس بھجوانے پر غور کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین