رحیم یار خان کے صحرائے چولستان میں پہلی بار "سیاہ گؤش” نامی نایاب جنگلی بلی کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے.
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر افسر مجاہد کلیم کے مطابق صحرائے چولستان میں چوکی ایریا کے قریب caracal نامی سیاہ گؤش بلی شکار کی غرض سے نایاب چنکارا ہرنوں کے جھنڈ کے قریب دیکھی گئی۔
وائلڈ لائف افسر کا کہنا ہے صحرائے چولستان میں پنجاب کے علاقے میں نایاب بلی پہلی بار دیکھی گئی جس پر انہوں نے اس کی ویڈیو ریکارڈ کی۔
افسر کے مطابق نایاب سیاہ گؤش بلی اپنے قدرتی مسکن میں تھی، لمبے کانوں اور درمیانے قد والی اس سیاہ گؤش بلی کا شمار دنیا بھر میں خوبصورت اور نایاب بلیوں میں ہوتا ہے
یہ نایاب بلی پرندوں چوہوں اور خرگوش سمیت ہرنوں کا شکار کرتی ہے اور 9 سے 10 فٹ تک اڑ کر شکار کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔
نایاب بلی ایک وقت میں 1 سے 6 بچے دیتی ہے نایاب سیاہ گؤش عمومی طور پر مڈل ایسٹ، افریقہ اور مختلف ایشیائی ممالک میں پائی جاتی ہے۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات ہمارا قومی اثاثہ ہے جن کو بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔