جمعرات, اپریل 3, 2025
ہوماہم خبریںبجلی کی قیمتوں میں 7روپے 59پیسے کمی کا اعلان، تفصیلات جاری

بجلی کی قیمتوں میں 7روپے 59پیسے کمی کا اعلان، تفصیلات جاری

حکومت نے آئی ایم ایف کی جانب سے رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے بالآخر بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 59 پیسے کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف پیکج کے اعلان کے لیے اسلام آباد میں منعقد تقریب کے دوران کیا۔

وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ جبکہ صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمی کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ جبکہ صنعتی صارفین کے بجلی لیے 40 روپے 60 پیسے فی یونٹ ہوگیا جبکہ بجلی کی اوسط قیمت 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صنعتی اور زرعی ترقی میں بجلی کی قیمتیں بڑی رکاوٹ ہیں، اب آگے مشکلات ضرور ہیں لیکن محنت کے ذریعے ایک سال میں جو نعمتیں اللہ نے عطا کیں، اب ہمیں تیزی سے دوڑنا ہوگا، کچھ عرصہ مزید محنت کرکے پھر حاضر ہوں گے اور بجلی مزید سستی کریں گے۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی جانب سے رکاوٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی ادارے نے ابتدائی طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد میں نے خود آئی ایم ایف سربراہ سے بات کی اور بتایا کہ ہم بجلی سستی نہیں کر رہے بلکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف بجلی کی قیمت میں منتقل کر رہے ہیں۔ ایک ٹولے نے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کو خود توڑا جس کے بعد ان کا اعتماد مجروح ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں اللہ پاک نے ہماری محنت قبول کی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچالیا، اس مقصد کے لیے پوری قوم ، بزنس کمیونٹی اور غریب لوگوں نے جو قربانیاں دیں اور مصائب برداشت کیے وہ قابل قدر ہیں، ایسا بھی وقت آیا کہ جب پنشنر بجلی کا بل ادا کردیتا تھا تو اسے معلوم نہیں تھا، کہ بچوں کی دوائیں کہاں سے لاؤں گا، یہ وہ وقت تھا کہ بجلی کا بل ادا کرکے گھر میں بے چارگی کا عالم ہوتا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ 2026 میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر لائی جائے گی، اور آج 2025 ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، جو 2024 میں 38 فیصد پر تھی، یہ آج صرف ڈیڑھ فیصد پر ہے، حالانکہ سنگل ڈیجٹ کا مطلب 9 فیصد بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 38 روپے کمی کی گئی ہے، اس عرصے میں شرح سود نصف ہوچکی ہے جس سے کاروباری برادری کے بزنس میں یقیناً بہتری آئی ہے، صنعتکار یہاں موجود ہیں یہ بھی بہتر بتا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کے باعث حکومت پر واجب الادا 3 ہزار 696 ارب روپے اب ادا نہیں کرنے پڑیں گے، 2 ہزار 393 ارب کے گردشی قرض کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے، 5 سال بعد یہ قرض کبھی گردش نہیں کرے گا، بند پاور پلانٹ بیچنے سے 9 ارب ملیں گے، جبکہ ان کی حفاظت پر سالانہ 7 ارب خرچ ہو رہے تھے، آج وہ وقت آگیا ہے کہ ہم ایسے تمام بوجھوں کو دریا برد کر دیں۔

وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے یوئے پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ ہم نے 10 ماہ جنگ لڑی، بجلی بلوں میں کمی پر کاروباری برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک اچھی سمت میں جارہا ہے، مثبت اقدام سے عام آدمی، صنعتوں پر بوجھ کم ہوگا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کیا تاہم ساتھ ہی کہا کہ قیمتوں میں زیادہ کمی کی جانی چاہیے تھی، اعلان کے باوجود بجلی چور پکڑے نہیں جاتے، 600 ارب کی بجلی چوری لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 700 ارب کی مفت بجلی استعمال ہو رہی ہے، مفت بجلی مفت پیٹرول اور مفت گیس کا چیپٹر بند ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پاور ڈویژن نے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
جاری تفصیلات کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے بھی موجودہ ٹیرف 4 روپے 78 پیسے فی یونٹ برقرار رہے گا، ماہانہ51 سے 100 یونٹ تک بجلی کے لائف لائن صارفین کا ٹیرف بھی 9 روپے 37 پیسے فی یونٹ برقرار رہے گا۔
ماہانہ ایک سے 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 6 روپے 14 پیسے کی کمی سے 8 روپے 52 پیسے ہو جائے گا۔
ماہانہ 101 سے 200 پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 6 روپے 14پیسے کمی سے 11 روپے 51 پیسے ہوجائے گا جبکہ 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف7 روپے 24 پیسے کمی سے 34 روپے 3 پیسےہو جائے گا۔
اسی طرح گھریلو 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 7 روپے 24 پیسے کمی سے 48 روپے 46 پیسے ہو جائے گا۔
کمرشل صارفین کا ٹیرف 8 روپے 58 پیسے کمی سے 62 روپے 47 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا جبکہ زرعی صارفین کا ٹیرف 7 روپے 18 پیسے کمی سے 34 روپے 58 پیسے ہو جائے گا۔
صنعتی صارفین کا ٹیرف 7 روپے 69 پیسے کمی سے 40 روپے 51 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا جبکہ بجلی کا اوسط ٹیرف 7 روپے 41 پیسے کمی سے 37 روپے 64 پیسے کی سطح پر آجائے گا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین