پاکستان میں شوال 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کے بعد کل بروز پیر عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد خلیجی و یورپی ممالک میں آج عید الفطر منائی گئی۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پاکستان میں اتوار کے دن چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے حکام شریک تھے۔
اجلاس کے بعد مولانا چیئرمین مولانا آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، کئی جگہوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ شہادتیں پنجاب کے دارالحکومت لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سمیت متعدد شہروں سے موصول ہوئیں، لہٰذا ملک بھر میں عیدالفطر کل بروز پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔