جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومٹاپ اسٹوریروس اور یوکرین کا بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر اتفاق

روس اور یوکرین کا بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر اتفاق

سعودی عرب میں کئی روز سے جاری مذاکرات کے بعد روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر اتفاق کر لیا جس کے بعد دنیا کے اہم تجارتی راستے کی جلد بحالی کا امکان ہے۔

تین سال سے جنگ لڑنے والے دونوں ممالک روس اور یوکرین نے سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکا کے ساتھ علیحدہ مذاکرات کے بعد معاہدے پر اتفاق کیا، روسی اور یوکرینی وفود نے اب تک براہ راست ملاقات نہیں کی۔

امریکا میں طاقت کے مرکز وائٹ ہاوس نے معاہدوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریق پائیدار اور دیرپا امن کے لیے کام جاری رکھیں گے جو ایک اہم تجارتی راستے کو دوبارہ کھول دے گا جب کہ فریقین نے ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے سے متعلق پہلے سے طے شدہ پابندی کو نافذ کرنے کے لیے ’اقدامات کرنے‘ کا بھی عہد کیا ہے۔

امریکا کے اعلان کے بعد روس نے جنگ بندی کے نفاذ کو ماسکو کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے سے مشروط کر دیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ بحیرہ اسود میں فضائی حملے روکنے کا معاہدہ درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ معاہدہ کام کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یوکرین پر امن معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیے جانے کے بعد زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اس کے بعد کوئی بھی یہ الزام نہیں لگا سکتا کہ یو کرین پائیدار امن کی جانب نہیں بڑھ رہا۔

ادھر معاہدے پر ردعمل میں ماسکو نے کہا کہ بحیرہ اسود کی جنگ بندی اس وقت تک نافذ العمل نہیں ہوگی جب تک کہ بین الاقوامی خوراک اور کھاد کی تجارت میں شامل روسی بینکوں، پروڈیوسروں اور برآمد کنندگان سے پابندیاں ختم نہیں کی جاتیں۔

روس کی جانب سے جن اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ان میں متعلقہ بینکوں کو سوئفٹ پے ادائیگی کے نظام سے دوبارہ منسلک کرنے، خوراک کی تجارت میں شامل روسی جھنڈے تلے جہازوں کی خدمات پر عائد پابندیاں اٹھانے اور خوراک کی پیداوار کے لیے درکار زرعی مشینری اور دیگر سامان کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے بیان سے واضح نہیں ہے کہ یہ معاہدہ کب نافذ العمل ہوگا۔

پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم ابھی ان سب کے بارے میں سوچ رہے ہیں، ہم انہیں دیکھ رہے ہیں۔‘

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین