یوم پاکستان پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا گیا
اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقریب اسلام آباد میں ایوان صدر میں منعقد کی گئی جس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو شاندار خدمات پر بعد از وفات اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا جسے وصول کرتے ہوئے بھٹو کی صاحبزادی صنم بھٹو آبدیدہ ہوگئیں۔
تقریب میں صدر مملکت نے ایئرمارشل ریٹائرڈ راجا شاہد حامد مرحوم کو گراں قدرخدمات پر نشان امتیاز عطا کیا جبکہ سلطان علی اکبر الانا کو مالیاتی شعبے میں گراں قدر خدمات پر نشان خدمت عطا کیا گیا۔
علاوہ ازیں ایس پی محمد اعجاز خان شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، ڈی ایس پی سردار حسین شہید، کانسٹیبل جہانزیب شہید، کانسٹیبل ارشاد علی شہید، ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید اور سب انسپکٹر تیمور شہزاد شہید کو غیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطا کیا گیا۔
صدر مملکت نے حسین داؤد کو انسان دوستی اور مفاد عامہ کے شعبے میں شاندار خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جبکہ خواجہ انور مجید کو سماجی شعبے میں گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب کو بھی شعبہ طب میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں اللہ رکھیو شہید کو شعبہ تعلیم میں شاندار خدمات کے اعتراف میں تمغہ عطا کیا گیا جبکہ ڈاکٹر سید توقیر شاہ کو سول سروس اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا اور سید علی حیدر گیلانی کو خدمات عامہ کے شعبے میں گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا۔
قبل ازیں 85 ویں یوم پاکستان پر صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں صدر مملکت آصف زرداری مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ میں حصہ لیا اور سلامی دی، تقریب میں غیرملکی مہمانوں سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی بھی شریک ہوئے۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے، جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولے، ان شا اللہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابھرتی قوم سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور مضبوط عزم سے طے ہوا، ہمارا سفر ختم نہیں ہوا، ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔