جمعہ, اپریل 4, 2025
ہوماہم خبریںسینیٹر مشتاق کے بڑے بھائی کو گھر کے سامنے قتل کر دیا...

سینیٹر مشتاق کے بڑے بھائی کو گھر کے سامنے قتل کر دیا گیا

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی کو گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

سینیٹر مشتاق کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو صوابی میں واقع آبائی گاؤں احد خان کلے شیخ جانہ میں اپنے گھر کے سامنے گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مرحوم شکیل احمد خان پڑوس میں رہنے والے ملزم کے والد سے جھگڑے پر بیچ بجاؤ کروانے گئے تھے، نشے کے عادی ملزم کامران نے پہلے والد کا قتل کیا، اس دوران شکیل احمد خان کو بھی گولیاں لگیں۔

ملزم قتل کے بعد موقع سے فرار ہو گیا ہے۔

دوسری جانب سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے بھائی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بھائی شکیل احمد خان کو گھر کے سامنے شہید کیا گیا، وہ مجھے بہت عزیز تھے، میرے دست وبازو تھے، یہ بدترین درندگی ہے۔

سینیٹر مشتاق کے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ شکیل احمد خان شہید کی نماز جنازہ کل 3 بجے سہ پہر گاؤں احد خان، تحصیل رزڑ ضلع صوابی میں ادا کی جائے گی۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے سینیٹر مشتاق احمد خان سے رابطہ کر کے ان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کے قتل پر اظہار افسوس اور ان کیلئے مغفرت کی دعا کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں نے عوام کو قاتلوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، لوگوں کے جان و مال محفوظ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کےلیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین