پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ بروز اتوار ہوگا تاہم سعودی عرب میں چاند نظر آ گیا ہے۔
پشاور میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا، کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت کوئی موصول نہیں ہوئی، لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ انشا اللہ یکم رمضان المبارک 1446 ھ 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہوگی۔
ادھر سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد پہلا روزہ کل یکم مارچ بروز ہفتہ ہوگا۔
حکام کے مطابق سعودی عرب میں پہلی تراویح کا آغاز ہوگیا ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ عرب امارات، انڈونیشیا اور آسٹریلیا میں بھی چاند نظر آگیا ہے ، ان تمام ممالک میں کل پہلا روزہ ہوگا۔