امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری امریکی شہریت اور مراعات حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے مارچ میں گولڈ کارڈ اسکیم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی صدارتی آفس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایک گولڈ کارڈ فروخت کرنے جا رہے ہیں، یہ قیمتی گولڈ کارڈ امریکی شہریت حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہو گا۔
‘امریکا پہلے’ کا نعرہ لگانے والے ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم شاید 10 لاکھ کے قریب گولڈ کارڈ لوگوں کو فروخت کریں گے، اس ضمن میں قانونی کارروائی پوری کر لی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’بہت سے لوگ امریکہ میں رہنا چاہتے ہیں۔ گولڈ کارڈ کے حامل افراد یہاں کام کر سکیں گے، کمپنیاں بنا سکیں گے اور لوگوں کو نوکریاں فراہم کر سکیں گے۔ یہ پیسے والے لوگ ہوں گے‘
انہوں نے اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے پاس گرین کارڈ ہے، مگر یہ ایک گولڈ کارڈ ہے۔ ہم اس کارڈ کی قیمت تقریباً 50 لاکھ ڈالر مقرر کرنے جا رہے ہیں، اس کی فروخت سے امریکہ میں ملازمتوں کے مواقع بڑھیں گے۔
جواری شوہر جوے میں بیوی کو ہار گیا، جیتنے والے 2 افراد کا بیوی سے ریپ
اتحادی اور پڑوسی ممالک پر تجارتی ٹیرف عائد کرنے اور تارکین وطن کو امریکا سے ڈی پورٹ کرنے والے ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہونے والے گولڈ کارڈ کی آمدن کو امریکہ کے قومی خسارے کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے گولڈ کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینے والے تمام افراد کی احتیاط سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔
اس سوال پر کہ کیا روسی شہری بھی گولڈ کارڈ حاصل کرسکتے ہیں تو انھوں نے جواب دیا ایسا ممکن ہے، میں چند روسی بااثر کاروباری شخصیات کو جانتا ہوں جو اچھے لوگ ہیں۔ اگرچہ یہ روسی کاروباری شخصیات اب اتنی دولت مند نہیں رہیں جتنی پہلے ہوتی تھیں مگر میرے خیال میں وہ 50 لاکھ ڈالر ادا کر سکتے ہیں۔‘