چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کی طرح بنگلہ دیش بھی چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔
گروپ اے میں شامل کیوی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش میچ کا فیصلہ ہوتے ہی پاکستان کے ایونٹ میں ان رہنے کیلئے اگر مگر کا قصہ بھی تمام ہو گیا۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان اصولی طور پر ایونٹ سے باہر ہو گیا تھا تاہم شائقین معمولی چانسز کیلئے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے میچ سے امیدیں لگائے بیٹھے تھے جن پر نیوزی لینڈ کی فتح کے ساتھ ہی پانی پھر گیا۔
گروپ اے میں موجود پاکستان بھارت سے قبل نیوزی لینڈ سے بھی شکست کھا چکا ہے ، ایسے میں شائقین کیوی ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کی امید لگائے بیٹھے تھے۔،
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 47 ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، ذاکرعلی نے 45 رنز اسکور کیے۔اس کے علاوہ رشاد حسین نے 26 ، تنزید حسن نے 24، مہدی حسن میراز نے 13 اور تسکین احمد نے 10 رنزبنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 4 اور ول او رورکے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رویندرا نے شاندار سنچری بنائی، وہ 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ان کے علاوہ ٹام لیتھم نے 55 اور ڈیون کونوے نے 30 رنزبنائے، کین ولیمسن 5 اور ول ینگ صفرپر آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس 21 اور مائیکل بریسویل 11 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔