پیر, جون 23, 2025
ہوماہم خبریںوزیراعظم کا ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں...

وزیراعظم کا ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک پھیلا کر جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں۔

ڈیرہ غازی خان کے دورہ اور عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد محمد نواز شریف کا ویژن ملک کی ترقی ہے، نواز شریف نے اپنے دورہ حکومت میں اور بطور خادم اعلیٰ پنجاب میں نے جنوبی پنجاب کے لئے ہمیشہ دوسرے علاقوں کی نسبت ترقیاتی سکیموں کا کوٹہ زیادہ رکھا جو کوئی احسان نہیں بلکہ آپ کا حق تھا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف اب پورے پنجاب اور جنوبی پنجاب کے اس خطے میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں اور مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، لیپ ٹاپ، کسان کارڈ کی فراہمی جا رہی ہے، دل اور جگر کے ٹرانسپلانٹ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، سرگودھا میں بھی ایک بڑا امراض قلب کا ہسپتال قائم کیا جارہا ہے اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ یہاں بھی ہسپتال بننا چاہئے جس پر میں اعلان کرتا ہوں کہ ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سیاست پر ملک کو ترجیح دی ، دن رات کی محنت سے مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آئی ہے، کاروباری افراد ، کسانوں، سرمایہ کاروں کے لئے بینک کے قرضہ کی شرح سود 22 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد تک کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے، ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، ہم نے عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کیا جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کا وژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے، ماضی میں بھی پنجاب کی ترقی محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی اب مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے آپ کا حق ہیں، صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، اب مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کو روزگار فراہم کرنے کے لئے منصوبوں کے جال بچھا رہی ہیں، مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں وہ ہر دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی اس وقت فیصلہ کرنا تھا کہ سیاست بچائیں یا ملک بچائیں تو نواز شریف نے سیاست قربان کر کے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا، آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے لئے تمام صوبے برابر ہیں، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا، دعا کریں کہ پاکستان کے قرضے ختم ہو جائیں، کسان بہترین فصل کاشت کریں ، صنعت کی چمنیوں سے دھواں نکلے او رپاکستان کا کاروبار چمکے۔

انہوں نے کہا کہ وسیب کے بھائیوں اور بزرگوں ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، مجھے امید ہے کہ یہ تقدیر بدلے گی اور ملک ترقی کرے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان والوں کے مسلم لیگ (ن) پر احسانات ہیں، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کروں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا۔

انہوں نے کہا کہ راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے، ایک سال میں ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زراعت، صنعت اور برآمدی صنعت کی ترقی کے لئے دن رات محنت کریں گے، بجلی کے بلوں میں مزید کمی کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سردار اویس لغاری اور وسیب کے نمائندگان دن رات محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ملک سے دہشت گردی، احتجاج اور دھاوے بولنے کی سیاست کا خاتمہ نہیں ہوتا، ملک ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے، خارجی طاقتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کے لئے دن رات سازشیں کی جاتی رہی ہیں، ہڑتالوں اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچایا گیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے، ہم پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔ وزیراعظم نے لیہ پل کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ہم نے باتوں پر نہیں ہمیشہ کام پر توجہ دی یے، اب ڈیرہ غازی خان کی ترقی دیکھنے آؤں گا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین