محکمہ موسمیات نے سردیوں کی طویل خشک سالی کے بعد فروری کے آخری ہفتے میں ملک میں بارشوں اور برف باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات 25 فروری سے یکم مارچ کے درمیان پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں اور بارش کا امکان ہے جبکہ مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محمہ موسمیات نے بتایا کہ 25 سے 28 فروری کے دوران لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ فیصل آباد شیخو پورہ نارووال میانوالی اور سیالکوٹ میں بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سرگودھا، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین اور گجرات میں بھی بارش کا امکان ہے۔
25 سے 27 فروری تک ملتان ڈیرہ غازی خان لیہ مظفرگڑھ خانیوال ساہیوال پاکپتن اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ سیاح موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔