پاکستان کی میزبانی میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان میچ میں لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر تنازع اور شدید تنقید کے بعد اب آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے افتتاحی میچ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور نیچے میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام بھی موجود تھا تاہم دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران ایسا نہ تھا، وہاں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو تو موجود تھا لیکن اس سے پاکستان کا نام غائب تھا جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے بھارت کے زیر اثر آئی سی سی پر تنقید کی گئی۔
آن لائن تصاویر وائرل ہونے کے بعد آئی سی سی نے نوٹس لیتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
ترجمان آئی سی سی کا کہنا تھا کہ گرافکس کی غلطی تکنیکی وجہ سے ہوئی جو کہ آج سے درست ہوجائے گی جب کہ میچ کے دوران اس لوگو کو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میچ کے کلپس پر لوگو میں پاکستان کا نام موجود ہے، پاکستان کا نام صرف براڈ کاسٹ کے لوگو سے غائب رہا۔
واضح رہے کہ پاکستان طویل عرصے بعد کسی بڑے کرکٹ ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بھارتی ٹیم کے تمام میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں رکھے گئے ہیں، اسی فیصلے کی وجہ سے بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ بھی دبئی میں کھیلا گیا جب کہ پاکستان اپنا میچ بھی اماراتی اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔