ترک صدر رجب طیب اردوان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
راولپنڈی کے نورخان ائیربیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمان صدر کی آمد پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ترکیے کی معروف کاروباری شخصیات کا وفد بھی ترک صدر کے ہمراہ ہے۔
ترک صدر کا جہاز پاکستان میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے طیاروں نے ان کا فضائی استقبال کیا، پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر ترک صدر کے جہاز کو حصار میں اسلام آباد لائے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اردوان پاک ترک اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے جب کہ اس دوران متعدد اہم معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
ترک صدر کی مد پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم ان مضبوط تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے خواہشمند ہیں۔