پاکستان میں وزارت خارجہ کے مطابق لیبیا میں حادثے کا شکار کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے جن میں سے 16 کی لاشیں ملی ہیں۔
وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تفصیل کے مطابق جن 16 افراد کی لاشیں ملی ہیں ان کے پاسپورٹ سے ان کی شناخت کی گئی ہے ، بیشتر کا تعلق پاکستان کے قبائلی ضلع کرم سے ہے۔
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ کشتی ڈوبنے کے مقام سے قریب ساحلی شہر زاوبیا پہنچ گیا ہے جہاں سے تفصیلات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق عملے کو اب تک موصول ہونے والی غیر مصدقہ معلومات کے مطابق اس کشتی میں کل 63 پاکستانی سوار تھے جن میں سے اب تک 16 لاشیں مل گئی ہیں اور ان کے پاسپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ یہ پاکستانی تھے۔
بتایا گیا ہے کہ حادثے میں 37 افراد زندہ بچ گئے ہیں جن میں سے ایک ہسپتال اور 33 پولیس سٹیشن میں ہیں۔ حادثے کے بعد سے مزید 10 پاکستانی لاپتہ ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق زندہ بچ جانے والے تین پاکستانی اس وقت تریپولی میں پاکستان کے سفارتخانے میں ہیں جن کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔