پنجاب میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران نوویڈیٹ ٹیبلٹ اور ایماکسل کیپسول سمیت 11 جعلی ادویات پکڑے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے صوبے بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف شہروں سے 11 جعلی ادویات پکڑیں۔ یہ جعلی ادویات مختلف فارما کمپنیوں کے ناموں پر تیار کی گئی تھیں جن پر کراچی، لاہور، سرگودھا، ٹیکسلا کی فارما کمپنیوں کے پتے درج تھے۔
ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی ‘ڈریپ’ پکڑی گئی تمام 11 ادویات کے سیمپلز جعلی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی درخواست پر ری کال الرٹ جاری کر دیئے ہیں۔
ڈریپ نے پنجاب میں جعلی ادویات سپلائی چین کی جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کو صوبائی مارکیٹس کا سروے کرنے، ریگولیٹری فیلڈ فورس پنجاب کی مارکیٹ میں موثر سرویلنس یقینی بنانے اور جعلی ادویات کے سپلائرز کی نشاندہی کرنے اور ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹ سے جعلی ادویات کا خاتمہ یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔
ڈریپ کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید نمونیہ، ناک اور گلے کے انفیکشن میں استعمال ہونے والی معروف برانڈ کی اینٹی بائیوٹک دوا نوویڈیٹ ٹیبلٹ کا ایک بیچ جعلی ہے جبکہ اینٹی بائیوٹک کیپسول ایماکسل کا ایک بیچ بھی جعلی ہے۔
پکڑی گئی دیگر ادویات میں نزلہ، زکام، کھانسی اور الرجی کے تین سیرپس کیرینول، ہسٹاکیئر اور ٹرائی لیک کے 3 بیچز شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کریک ڈاؤن میں امراض نسواں کی دو جعلی ادویات بھی پکڑی گئی ہیں۔ ایس کائن اور مائیرون ٹیبلٹ کے دو جعلی بیچز کی نشاندہی ہوئی ہے۔ پلاسٹر آف پیرس بینڈج کا ایک جعلی بیچ پکڑا گیا ہے۔ بخار، جسمانی درد کا جعلی کیرفن سسپنشن پکڑا گیا ہے۔
جو جعلی ادویات پکڑی گئی ہیں ان میں جانوروں کے دو جعلی اینٹی بائیوٹک انجکشن بھی شامل ہیں۔ ان میں وائٹل وال اینٹی بائیوٹک انجیکشن اور پینی بائیوٹک انجیکشن کے ایک ایک بیچ جعلی ہیں۔ فینی بائیوٹک مویشیوں کے مختلف اقسام کے بیکٹیریل انفیکشن کی دوا ہے۔