وفاقی تحقیقاتی ادارے نے یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کے بعد سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے غفلت برتنے پر اپنے دو افسران کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق فیصل آباد سرکل نے یونان کشتی حادثے میں ملوث 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فیصل اباد ایئرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات اپنے دو افسران انسپیکٹر زبیر اشرف اور سب انسپیکٹر شاہد عمران کو فرائض سے غفلت برتنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ائرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا، دونوں افسران نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی اسکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان ایف ائی اے کے مطابق عبدالروف نامی ایجنٹ نے متاثرین ے یونان جانے کے لئے بھاری رقوم وصول کی تھی، مقدمے میں عبدالروف کے علاوہ عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامی انسانی اسمگلرز کو نامزد کیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے میں 17 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا جبکہ 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔