ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہومٹاپ اسٹوریحکومت اور تحریک انصاف کے درمیان برف پگھلنے لگی، پہلی ملاقات میں...

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان برف پگھلنے لگی، پہلی ملاقات میں مذاکرات پر اتفاق

پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر اہم تبدیلی رونما ہوئی ہے، مسلسل کشیدگی اور احتجاج کے بعد مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہو گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر خان ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ و پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر ایاز صادق سے اس سے قبل سلمان اکرم راجا اور اسد قیصر نے بھی ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں تحریک انصاف کے وفد نے ایاز صادق کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی، مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز اسپیکر نے دی جس سے تحریک انصاف نے اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق یہ کہ مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے جن کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تناؤ میں کمی لانا ہے، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے۔

واضح رہے کہ یہ اہم پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند گھنٹئے قبل ہی صاحبزادہ حامد رضا نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اور حکومت میں آج مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا تھا کہ ملک اس وقت محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، عمران خان نے مذاکرات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، یہ کمیٹی ہر کسی سے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف رکھیں لیکن آپس میں دشمنیاں نہ بنائیں، ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے آئیں، بیٹھ کر بات کریں، ہم ملک کو ذاتی دشمنی کو بھینٹ نہیں چڑھا سکتے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین