ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہوماہم خبریںاحتجاج کے دوران بشریٰ بی بی کو دھوکے سے لے جایا گیا،...

احتجاج کے دوران بشریٰ بی بی کو دھوکے سے لے جایا گیا، ترجمان

تحریک انصاف کے اسلام اباد میں پرتشدد احتجاج کے دوران علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی سمیت پارٹی قیادت کے غائب ہونے پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی نے انکشاف کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو احتجاج سے دھوکے سے لے جایا گیا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال نے مشعال یوسف زئی سے سوال کیا کہ بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم وٹو نے کہا ہے کہ ان کی بہن اپنی مرضی سے احتجاج چھوڑ کر نہیں گئیں بلکہ جب آپریشن شروع ہوا تو پی ٹی آئی رہنما انہیں وہاں سے لے گئے؟

 میزبان کے سوال پر خاتون ترجمان نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جی یہ بات درست ہے، گاڑی پر براہِ راست فائرنگ ہوئی تب بھی وہ جانا نہیں چاہتی تھیں، ان کی گاڑی کی ونڈ شیلڈ پر کوئی کیمیکل نما چیز پھینکی گئی جس کی وجہ سے یہ اگلا شیشہ بالکل دھندلا ہوگیا کچھ بھی نظر نہیں آ رہا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس تمام تر صورتحال میں بشریٰ بی بی سے کہا گیا ہے کہ گاڑی تبدیل کرنی ہوگی، اس کے بعد دوبارہ کارکنوں کے درمیان آ جائیں گے لیکن انہیں واپس لانے کے بجائے کے پی کے لے جایا گیا۔

مشعال یوسف زئی کا کہنا تھا کہ آپ نے ویڈیو میں دیکھا ہو گا کہ بشریٰ بی بی بہت آرام سے اپنی گاڑی سے اتر کر دوسری گاڑی میں بیٹھ جاتی ہیں کیونکہ انہیں واپس آنے کا بتایا گیا تھا۔

مشعال یوسف زئی نے کہا کہ اس دوران وہ خود بشریٰ بی بی سے الگ ہو گئیں تھیں ،اس کے بعد کیا ہوا وہ اس بارے میں نہیں جانتیں۔

واضح رہے کہ 24 نومبر کو تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے فائنل کال کے احتجاج کے دوران ڈی چوک کے قریب فورسز کی جانب سے آپریشن شروع ہوتے ہیں تحریک انصاف کی قیادت غائب ہو گئی تھی۔

قیادت کے غائب ہونے پر کارکنان بھی سخت کریک ڈاؤن کے دوران منتشر ہو گئے تھے۔

گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے ہری پور میں پریس کانفرنس کے دوران کارکنان کی اموات پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

احتجاج میں کارکنان کو چھوڑ کر غائب ہونے

 پر تحریک انصاف کی قیادت شدید تنقید کی زد میں ہے جبکہ احتجاج کیلئے اسلام اباد نہ پہنچنے پر تنقید کی وجہ سے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا اور کور کمیٹی کے ممبر صاحبزادہ حامد رضا خانا استعفیٰ دے چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین