تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج سے قبل پشاور-اسلام آباد اور لاہور-اسلام آباد موٹرویز سمیت ملک کی 5 اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے مرکزی شاہراہوں کی بندش وجہ مرمت بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر ویز کو مرمت کے لیے بند کیا جارہا ہے، موٹر وے ایم ون اور ایم 2 کو آج رات 8 بجے سے مرمت کے لیے بند کیا جا رہا ہے جبکہ ایم 3 لاہور تا عبدالحکیم آج رات 8 بجے سے مرمت کے لیے بند رہے گی۔
ترجمان کے مطابق ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا ملتان آج رات 8 بجے سے مرمت کے لیے بند رہے گی اور ایم 11 سیالکوٹ تا لاہور بھی آج رات 8 بجے سے مرمت کے لیے بند رہے گی۔
لاہور انتظامیہ نے بھی رنگ روڈ لاہور کو 2 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق رنگ روڈ لاہور 23 اور 24 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہے گا۔
ادھر ایس پی سیکیورٹی کے مطابق رنگ روڈ کو امن و امان کا قیام یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روزانہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد اسلام آباد آمد و رفت کرتے ہیں، ٹرانسپورٹ اڈوں کی بندش سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا جبکہ اس سے ٹرانسپورٹرزکو 4 سے5 کروڑ روپے یومیہ نقصان ہوگا۔