آسٹریلیا نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بھی گرین شرٹس کو شکست دیتے ہوئے پاکستان وائٹ واش کر دیا۔
20اوورز بھی نہ سکنے والی پاکستان ٹیم کا 118 رنز کا ہدف کینگروز نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 11.2 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے بطور اوپنرز کیا، دو کے علاوہ پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کی جگہ آنے والے حسیب اللہ بھی صرف 24 رنز بنا سکے۔
گزشتہ میچ میں 50 اسکور کرنے والے عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سابق کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ صفیان مقیم کے ایک رنز پر پاکستان کی آخری وکٹ بھی گر گئی۔
جوابی اننگز میں آسٹریلیا کی پہلی اور دوسری وکٹ جلد ہی اس وقت گر گئی جب شاہین آفریدی نے 16 کے مجموعے پر میتھیو شارٹ کو آؤٹ کر دیا اور 30 رنز پر جہان داد نے جیک فریسر کو پویلین بھیج دیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 27 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ابتدا میں تین وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ نے محاذ سنبھالا، اسٹوئنس نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کی مدد سے پاکستان کی شکست پر مہر ثبت کر دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کو شکست سے دو چار کیا تھا تاہم مہمان ٹیم نے ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کر دیا۔