پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں آنے کے لیے تیار ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، بھارت ہم سے بات کرے، تمام تحفظات دور کریں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گفتگو کے دوران چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے، باقی باتیں بعد میں ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی سے ہے، چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے، آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا، مجھے سب اچھے کی امید ہے۔
چیمپئنز ٹرافی: کیا پاکستان انڈیا کے میچز بیرون ملک کروانے پر رضا مند ہے؟
محسن نقوی کے بقول قذافی اسٹیڈیم میں کام تیزی سے جاری ہے، ترقیاتی کام مقررہ وقت میں مکمل ہو جائے گا، تمام انکلوژرز قائم رہیں گے، کوئی انکلوژر ختم نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے، باقی باتیں بعد میں ہیں، ہمیں اپنا کام مکمل کرنا ہے اس لیے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے، ہمیں آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔
بھارتی اعتراض پر چیمپئنز ٹرافی کے آزاد کشمیر اور اسکردو ٹور ختم کیے جانے کے سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورمنسوخ نہیں ہوا ابھی ری شیڈول ہوا ہے۔