ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہوماہم خبریںبارش سے متاثرہ پہلے ٹی20 میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

بارش سے متاثرہ پہلے ٹی20 میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

ون ڈے سیریز میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف شاندار تاریخی کامیابی سمیٹنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں ہی آسٹریلیا کے سامنے ڈھیر ہوگئی، کینگروز نے گرین شرٹس کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

شیڈول سیریز کا پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 7، 7 اوورز تک محدود کر دیا گیا جبکہ پاور پلے 2 اوورز پر مشتمل تھا اور ہربالر زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کروا سکا۔

برسبن کے کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کے باعث 7 اوورز تک محدود ہونے والے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے، کینگروز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم اوپنرز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

آسٹریلوی بلے بازوں میں اوپنرز جیک فریزر میک گرک 9 اور میٹ شارٹ 7 رنز بنا سکے تاہم گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے بعد کینگروز مارکس اسٹونیس کے 21 رنز کی مدد سے پاکستان کو بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا سکی، پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان 8، عثمان خان 4، بابراعظم 3، آغا سلمان 4 جبکہ کپتان محمد رضوان اور عرفان خان نیاری صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان 12، شاہین آفریدی 11 جبکہ عباس آفریدی نے 20 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور نتھین ایلس نے 3، 3 جبکہ اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

امپائرز کی جانب سے آسٹریلیا کے لئے 19 گیندوں پر 43 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے والے میکسویل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین