ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہوماہم خبریںپاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ...

پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبات کی منظوری کیلئے ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے رواں ماہ 24 نومبر کو لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کے سامنے مندرجہ زیل تین مطالبات رکھے ہیں۔

– عدلیہ کی بحالی: 26ویں ترمیم عدلیہ کی طاقت کو کم کرنے کی واضح کوشش ہے۔
– پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی
– چوری شدہ منڈیٹ کی واپسی

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے معاشرے کی تمام اکائیوں سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

ادھر عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی کہا ہے کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے دی ہے، مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا، قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آزادرہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ باہر نکلیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، اس بار کوئی واپسی نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا کہ فائنل کال جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، جعلی حکومت کی سیاسی لاش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آپہنچا ہے، جعلی مقدمات کا خاتمہ اور عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا۔

ادھر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی لیگل ٹیم میں شامل وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، گرفتاری کے خطرے کے پیش نظر کمیٹی اراکین کے نام خفیہ رکھے گئے ہیں، احتجاج ختم کرنے کا اختیار صرف کمیٹی کو ہو گا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہو گا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا۔

فیصل چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ یہ فائنل کال ہے، احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ نکلے گی، احتجاج تب تک ختم نہیں ہو گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے ، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے اور بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے احتجاج کی کال پر وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی سیاست ’سڑک چھاپ‘ سے بھی بدتر ہو چکی، تحریکِ انصاف کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنے اور جلسوں کی شرط پر ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، قوم کے بچوں کو اقتدار کی ہوس میں جھونک دیا اور اپنے بچے لندن میں انجوائے کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین