گلگت بلتستان کے ضلع استور سے آنے والی باراتیوں سے بھری کوسٹر ضلع دیامر میں دریا سندھ میں گرنے سے 14 افراد جاں بحق جب کہ دلہن کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق گاڑی میں ڈرائیور سمیت 26 افراد سوار تھے, کوسٹر تھلیچی پُل سے دریا میں گر گئی تھی۔
بدنصیب گاڑی میں چکوال سے آئے ہوئے باراتی جن میں 2 سگے بھائی اور والدہ بھی سوار تھیں۔ باراتیوں میں دولہا ، دلہن کی بہن، والدہ اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل تھے۔ ان سب کا تعلق ایک ہی خاندان اور علاقے سے تھا۔
ریسیکو 1122 نے گاڑی کو دریا میں گرنے کے 8 گھنٹے بعد نکالا تو اس وقت ڈرائیور زندہ تھا مگر اس کے 10 منٹ بعد ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگیا۔
دریا سے اب تک 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں سب 13 دریا سے نکالی گئی گاڑی ہی میں پھنسی ہوئی تھیں جبکہ ایک خاتون کی لاش جائے وقوعہ سے تقریبا 50 کلو میٹر دور چلاس کے مقام سے ملی۔
تمام لاشوں کو دسڑکٹ ہسپتال گلگت پہنچا دیا گیا جہاں پر نکالی گئی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ریسیکو 1122 کے مطابق گاڑی میں سوار دیگر 11 افراد کی تلاش کا آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔