جمعہ, دسمبر 13, 2024
ہوماہم خبریںناحلف بیٹے نے ماں باپ کو کنویں میں گرا کر قتل کردیا،...

ناحلف بیٹے نے ماں باپ کو کنویں میں گرا کر قتل کردیا، 3 ماہ بعد لاشیں برآمد

قلندر تنولی

ضلع ایبٹ آباد کے تھانہ حویلیاں کے نواحی علاقے ملکاں میں تین ماہ سے لاپتا میاں بیوی جن کی شناخت سید امان علی شاہ اور جویریہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے کی لاشیں کنویں سے برآمد کر لی گئی ہیں۔

لاشیں پولیس کی اطلاع پر ریسیکو 1122 نے کنویں سے نکالیں۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں کو ان کے ناحلف بیٹے نے قتل کر کے کنویں میں پھینک دیا تھا۔ بیٹے کو اپنے والد کی دوسری شادی پر غصہ تھا اور وہ اپنے باپ کی دولت پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔

پولیس کے مطابق اگست میں ملزم بیٹے نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی تھی کہ اس کے ماں باپ گھر سے گئے لیکن واپس نہیں آئے جس کے بعد پولیس اور رشتہ دار مل کر تلاش کرتے رہے مگر کامیابی نہیں مل رہی تھی۔

تفتیش کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ یہ واقعہ گمشدگی یا لاپتا ہونے کا نہیں بلکہ ممکنہ طورپر قتل کا ہوسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق اس واقعہ کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم، جدید طریقہ تفتیش کے علاوہ مقامی ذرائع استعمال کیے گئے جس میں یہ نکتہ سامنے آیا کہ مقتول سید امان علی شاہ نے کچھ عرصہ قبل دوسری شادی کی تھی جس پر بیٹے کو اس کی دوسری شادی کا بہت غصہ تھا۔

پولیس کے مطابق جب مزید تفتیش کی گئی تو یہ نکتہ بھی سامنے آیا کہ بیٹا باپ سے اکثر پیسوں کا مطالبہ کرتا اور اکثر اوقات بدتمیزی بھی کرتا تھا جبکہ بیٹے کا چال چلن بھی اچھا نہیں تھا اور اس کے دوستوں میں کچھ بگڑے ہوئے آوارہ لوگ بھی شامل تھے۔

پولیس کے مطابق جب مزید تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ مقتولین کے موبائل کی آخری لوکیشن علاقے میں موجود اندھے کنویں کے پاس ہے اور جب کنویں کا جائزہ لیا گیا تو اس میں 2 لاشیں موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا کام اکیلے نہیں کیا بلکہ اس کے کچھ ساتھی بھی شامل ہیں۔ ملزم اس وقت فرار ہوچکا ہے جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ملزم اور اس کے ساتھیوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

دوسری طرف ریسیکو 1122 کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے 4 گھنٹوں کی انتھک کوشش کے بعد دونوں نعشوں کو گہرے کنویں سے برآمد کر لیا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین